کیا پری نیتی چوپڑا نے سیاستدان سے منگنی کرلی ہے؟

ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پری نیتی چوپڑا اور سیاست دان راگھوچڈھا کے تعلقات کے بارے میں آج کل میڈیا پرخبریں گردش کررہی ہیں۔فی الحال پری نیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا میں سے کسی نے بھی ان خبروں کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن عام آدمی پارٹی کے ایک ممبر سنجیو اروڑہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پری نیتی چوپڑا اور راگھوچڈھا کو مبارکباد دے کر میڈیا پر گردش کرتی خبروں پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔سنجیو اروڑہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’میں راگھو چڈھا اور پری نیتی چوپڑا کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔اْنہوں نے دونوں کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری دعا ہے کہ ان کا ساتھ محبت اور خوشیوں سے بھرپور ہو!‘اس ٹوئٹ پر کچھ صارفین نے راگھو چڈھا اور پری نیتی چوپڑا کو ان کی ’منگنی یا شادی‘ پر مبارکباد دی، جبکہ کچھ صارفین یہ جاننے کی کوشش کرتے نظر آئے کہ کیا واقعی سنجیو اروڑہ نے ان دونوں کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرتی خبروں کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے کہ پری نیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی ڈیٹنگ کے بارے میں میڈیا پر خبریں چند روز قبل اس وقت گردش کرنا شروع ہوئیں جب ڈنر کے لیے ان دونوں کو ایک ریسٹورینٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔بعد ازاں، گزشتہ رات پری نیتی چوپڑا کو ڈیزائنر منیش ملہوترا کی رہائش گاہ پر دیکھا گیا جس کے بعد اب یہ خبریں گردش کرنے لگی ہیں کہ اداکارہ جلد ہی راگھو چڈھا سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

Related Articles