بلوچستان کے اسکولوں میں منکی پوکس کے سلسلے میں ہائی الرٹ

کوئٹہ، اپریل ۔ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں منکی پوکس کے کیسز سامنے آنے کے بعد اسکولوں کو منکی پوکس انفیکشن کے حوالے سے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔صوبائی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے ایک نوٹیفکیشن میں ضلعی تعلیمی افسران اور پرنسپلز سے کہا ہے کہ وہ وائرل انفیکشن (منکی پوکس) کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے مناسب اور فوری کارروائی اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اگر کسی میں اس کی علامات پائی جائیں تو انہیں ہسپتال سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ایسے طالب علم یا شخص کو دوسروں سے دور رکھنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ اس ہفتے کے شروع میں پاکستان میں بیرون ملک سفر کرنے والے دو افراد منکی پوکس میں مبتلا پائے گئے تھے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق منکی پوکس کے مریض کو سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا اور وہ 17 اپریل کو منکی پوکس کی علامات کے ساتھ پاکستان پہنچا تھا۔ اس دوران فلائٹ میں اس کے ساتھ بیٹھے ایک اور شخص میں بھی منکی پوکس کی علامات دیکھی گئیں۔دریں اثنا، ڈبلیو ایچ او نے پاکستان کو منکی پوکس وائرس سے نمٹنے میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ وہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر وائرس کے پھیلاؤ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے حکومت کو خاص طور پر لیبارٹری ٹیسٹنگ کے طریقہ کار، داخلے کے مقامات اور ٹیسٹنگ کٹس فراہم کرنے میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Related Articles