شادی میں دفتر کے ساتھیوں کی عدم شرکت،خاتون نے نوکری سے استعفیٰ دے دیا

بیجنگ،اگست۔آپ اپنی شادی میں دوستوں ، رشتے داروں اور دفتر میں کام کرنے والے ساتھیوں کو ضرور مدعو کرتے ہیں تاکہ وہ آپ کی خوشی میں شرکت کریں۔ذرا سوچیں،اگر آپ دفتر کے ساتھیوں کو اپنی شادی میں شرکت کی دعوت دیں اور ان میں سے تقریباً کوئی بھی شامل نہ ہو تو آپ کو کیسا لگے گا؟ یقیناً آپ کو برا ہی لگے گا پر اس کے بدلے میں آپ زیادہ سیزیادہ کیا کریں گے ؟کچھ وقت کے لیے ان سے ناراض ہوجائیں گے۔لیکن آج ہم آپ کو ایسی خاتون کے بارے میں بتا رہے ہیں جس نے اپنی شادی میں دفتر کے ساتھیوں کی عدم شرکت پر نوکری ہی چھوڑ دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی خاتون جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ایک کمپنی میں 5 سال سے کام کر رہی تھی اور اسے لگتا تھا کہ اس کے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔تاہم اس نیجب شادی کرنے کا فیصلہ کیا تو اپنے دفتر کے 70 ساتھیوں کو اس خوشی کے موقع پر شامل ہونے کی دعوت دی۔خاتون کو اْمید تھی کہ میرے ساتھی میری خوشی میں ضرور شامل ہوں گے لیکن ہوا اس کے برعکس ،کیوں کہ 70 ساتھیوں میں سے صرف ایک نے شادی میں شرکت کی۔ رپورٹس کے مطابق خاتون نے شادی ہال میں اپنے ساتھیوں کیلئے خصوصی طور پر6 ٹیبلز لگوائی تھیں لیکن بدقسمتی سے صرف ایک ساتھی ہی اس پر بیٹھ سکا۔رپورٹس کے مطابق شادی میں ساتھیوں کی عدم شرکت پر دلہن تمام مہمانوں بالخصوص اپنے شوہر کے گھر والوں کے سامنے بے عزتی محسوس کرتی رہی۔تاہم شادی کے بعد خاتون نے نوکری سے استعفیٰ دے دیا کیونکہ اس کا خیال تھا کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ کام نہیں کر سکتی، جنہوں نے اس کی شادی کے دن تذلیل کی۔

 

Related Articles