رضوان، ٹی-20 کرکٹر آف دی ایئر
دبئی، جنوری۔ پاکستان کے اسٹار وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو اتوار کے روز سال 2021 کے لیے آئی سی سی مرد ٹی- 20 کرکٹر آف دی ایئر منتخب کیا گیا۔29 برس کے رضوان نے 2021 میں ٹی-20 فارمیٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 29 میچوں میں 134.89 کے اسٹرائیک ریٹ اور 73.66 کی اوسط سے 1326 رن بنائے۔ بلے کے ساتھ اپنی شاندار کارکردگی کے علاوہ، انہوں نے اسٹمپس کے پیچھے بھی اپنی بہترین حصہ داری کی ۔ انہوں نے بطور وکٹ کیپر 24 مرتبہ بلے بازوں کو آؤٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری بھی گذشتہ سال لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنائی اور کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار 87 رن کے ساتھ اپنی فارم کو جاری رکھا۔ گذشتہ سال یو اے ای میں آئی سی سی ٹی- 20 ورلڈ کپ کے میچ میں ہندوستان کے خلاف 152 رن کا تعاقب کرتے ہوئے، انہوں نے صرف 55 گیندوں پر 79 رن کی دھماکہ خیز اننگ کھیلی، جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔