کوہلی سے جو بات ہوئی وہ سب کے سامنے نہیں بتا سکتا: بابر اعظم
کراچی،دسمبر۔پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے جو بات ہوئی وہ سب کے سامنے نہیں بتا سکتا۔ویسٹ انڈیز سے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آغاز سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچھلی سیریز سے ہمارا مومنٹم بنا ہوا ہے، ورلڈکپ سے جاری پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ بیٹنگ اور بولنگ کوچز ہونے چاہئیں، جب اسکواڈ میں کھلاڑی مکمل ہوتے ہیں تو کوچز بھی پورے ہونے چاہئیں، ہر سیریز میں کوچز ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ رمیز راجہ کے ساتھ کرکٹ معاملات پر بات چیت ہوتی رہتی ہے، پی سی بی نے آگے کے لیے اچھا ہی سوچا ہو گا۔کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے جانے کے بعد ویسٹ انڈیز کا آنا بہت ضروری تھا، ویسٹ انڈیز نے مشکل وقت پر ہمارا ساتھ دیا ہے کیونکہ سب کے ذہنوں میں یہی تھا کہ اب پتا نہیں کوئی ٹیم آئی گی یا نہیں، ویسٹ انڈیز کے کچھ کھلاڑی نہیں آئے لیکن پھر بھی انھیں آسان نہیں لیا جا سکتا، وائٹ بال میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی۔بھارت کے سابق ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی سے جو بات ہوئی وہ سب کے سامنے نہیں بتا سکتا۔