رمیز راجہ کا پی سی بی ملازمین کو فوری طور پر اخراجات کم کرنے کا حکم
لاہور،اکتوبر۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے بورڈ ملازمین کو فوری طور پر اخراجات کم کرنے کا حکم دے دیا۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ملازمین کو یہ پیغام ان سے ملاقات میں دیا، رمیز راجہ نے بورڈ ملازمین سے دو روز قبل عمران خان انکلوڑر میں خطاب کیا، اس موقع پر ڈائریکٹرز سے لیکر لوئر اسٹاف اور گراؤنڈ اسٹاف سمیت تمام ملازمین موجود تھے۔رمیز راجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے بتایا کہ انہوں نے پرائم منسٹر ہاؤس اور آفس کے اخراجات کیسے کم کیے، ہمیں بورڈ میں اخراجات کم کرنا ہیں، دو کی بجائے ایک کپ چائے پئیں، اے سی کم استعمال کریں، دفاتر سے جاتے ہوئے لائٹس بند کر کے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو نمبر ون بنانا ہے، نمبر ون ٹیم نہیں ہو گی تو ہم سب کے رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے، رہنے کے لیے کام کرنا ہے۔رمیز راجہ نے دبے الفاظ میں بڑی تنخواہ والوں کو بھی پیغام دیا کہ ہمیں کام کرنا ہے اور اپنی موجودگی کا جواز بتانا ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا میرا فوکس صرف کرکٹ ہے، ہمیں کرکٹ کو اوپر لے کر جانا ہے کرکٹ کی بہتری کے لیے بہت کام کرنا ہے، گراس روٹ لیول کو بہتر کرنا ہے اور پچز کا معیار اچھا کرنا ہے۔