لیونل میسی چوروں سے بال بال بچ گئے
لندن،اکتوبر۔ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی چوروں سے بال بال بچ گئے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فٹبالر گزشتہ ایک ماہ سے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک ہوٹل میں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ مقیم ہیں جہاں چور چار کمروں میں موجود قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوئے۔چور پیرس کے فائیو اسٹار ہوٹل کی چھت سے لٹک کر نیچے آئے اور لیونل میسی کے ہوٹل کے کمرے سے ایک منزل اوپر بالکونی میں کودے جہاں سے غیر لاک شدہ دروازے کے ذریعے وہ کمرے میں داخل ہوگئے۔ماسک لگائے ان چوروں نے اسی طرح چار کمروں میں موجود نقد رقم اور ہزاروں پاؤنڈ مالیت کے زیورات لوٹ لیے۔چوروں نے چار کمروں کو لوٹا جنہیں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دیکھا گیا تاہم میسی اس واردات میں خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔خیال رہے کہ لیونل میسی نے چند ہفتوں قبل اسی ہوٹل کے کمرے کی بالکونی سے اپنے مداحوں کو ہاتھ ہلاکر ان کی محبت کا جواب دیا تھا۔اس ہوٹل میں میسی جس پرتعیش کمرے میں رہائش پذیر ہیں اس کا یومیہ کرایہ 17 ہزار برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 39 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔