میں عدالت کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں : جوکووچ

کینبرا، جنوری ۔آسٹریلیائی حکومت کے جوکووچ کے ویزے کو منسوخ کرنے کے فیصلے پر اتوار کو عدالت نے سماعت کی اور سربیا کے کھلاڑی کی درخواست مسترد کر دی ۔ تاہم اس پرٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے سے مایوس ہیں لیکن وہ عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ 34سالہ جوکووچ نے کہا ’’ میں اپنے ویزا کو منسوخ کرنے کے وزیر کے فیصلے پر عدالتی نظرثانی کے لیے اپنی درخواست کو مسترد کرنے کے عدالت کے فیصلے سے انتہائی مایوس ہوں ۔ میں اب آسٹریلیا میں نہیں رہ سکتا اور اس کی وجہ سے آسٹریلین اوپن میں حصہ نہیں لے پاوں گا ۔ لیکن میں عدالت کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور ملک چھوڑنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کروں گا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’ آخر میں اپنے کنبے، دوستوں، ٹیم، حامیوں، مداحوں اور میرے ساتھی سربیائی باشندوں کو آپ کی مسلسل حمایت کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں‘‘ ۔قبل ازیں اتوار کو عدالت نے ملک میں رہنے کی ان کی اپیل مسترد کر دی، جس سے 34 سالہ نوجوان کھلاڑی کی 21 واں گرینڈ سلیم خطاب جیتنے کی امیدیں ختم ہو گئیں۔ جوکووچ 17 جنوری سے شروع ہونے والے سیزن کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں کھیلنے والے تھے ۔

Related Articles