راہل وقت کے ساتھ بہتر کپتان بنیں گے: عرفان
نئی دہلی، جون۔ہندوستان کے سابق گیند باز عرفان پٹھان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی۔20 سیریز میں ہندوستان کی کپتانی کرنے والے لوکیش راہل وقت کے ساتھ ایک بہتر کپتان بن جائیں گے۔ راہل جنوبی افریقہ کے خلاف 9 جون سے شروع ہونے والی سیریز میں پہلی بار ٹی۔20 میں ہندوستان کی کپتانی کریں گے۔ اسٹار اسپورٹس شو فالو دی بلوز میں عرفان پٹھان نے کہاکہ یقینی طور پر یہ سیریز تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک امتحان ہے، لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ کے ایل راہل کی ایک کپتان کے طور پر ایک امتحان ہے۔ میرے خیال میں جب بھی آپ امتحان کے لیے جاتے ہیں، آپ اچھی تیاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اچھی تیاری کی ہے۔ انہوں نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو پلے آف تک پہنچایا اور بلے سے بھی اچھا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ وہ بطور کپتان بہتر ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے جب وہ پنجاب کی کپتانی کرتے تھے تو ان کی توجہ اپنی قیادت کو سمجھنے اور سنبھالنے پر زیادہ تھی، لیکن آخر کار اب مجھے لگتا ہے کہ وہ بطور کپتان بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ عرفان نے کہاکہ ’’اب بھی بہتری کی کافی گنجائش ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہو جائیں گے۔ وہ پرسکون اور بہت تجربہ کار کھلاڑی ہے۔ بحیثیت کپتان مجھے یقین ہے کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے اور مجھے یقین ہے کہ وہ ایک اچھے لیڈر کے طور پر ابھریں گے۔ دریں اثنا، مکمل طور پر فٹ ہاردک پانڈیا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ باصلاحیت آل راؤنڈر ہاردک نے آئی پی ایل 2022 میں بلے سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 میچوں میں 487 رنز بنائے۔ انہوں نے آئی پی ایل فائنل میں 17 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کرتے ہوئے قابل قدر کارنامہ انجام دیا ہے۔ عرفان کا خیال ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کے پاس اب بہت سارے متبادل موجود ہیں۔