دورہ پاکستان نے خیالات بدل دیے،بابر کی بیٹنگ نہیں بھول سکتے، لبوشین

کراچی ،اپریل۔ دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بیٹر آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دورہ شاندار دورہ رہا، تماشائیوں نے جتنی حوصلہ افزائی کی ایسا لگ رہا تھا جیسے اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیل رہے ہیں۔ پاکستان آنے سے قبل وہ بہت سی افواہیں سن رہے تھے مگر دورہ پاکستان نے ان تمام خیالات کو بدل دیا۔ شاہین شاہ آفریدی ، محمد رضوان، عبداللہ شفیق اور امام الحق کے ساتھ بہت اچھا وقت گزرا۔ لیکن گرائونڈ میں ہمیں سخت کرکٹ کھیلنے کو ملی۔ سیریز دوستانہ ماحول میں کھیلی گئی۔ کراچی ٹیسٹ میں بابر اعظم کی بیٹنگ کو نہیں بھول سکتے ہم وہ ٹیسٹ جیت سکتے تھے لیکن بابر کمال کھیلا۔ پاکستانی فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ سیریز سے کھلاڑیوں کو قریب آنے کا موقع ملا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نیآخری مرتبہ 2019 میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں مدمقابل آئیں تاہم حالیہ چھ ہفتوں میں دونوں ممالک کے کھلاڑی مکمل طور پر آپس میں گھل مل گئے تھے۔ بدھ کو پی سی بی پوڈ کاسٹ کے لئے انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کے ساتھ دلچسپ واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن کی آخری گیند تھی اور وہ گیند کروانے کے بعد ڈیوڈ وارنر کے قریب گئے تو وہ بھی وہیں ٹھہر گئے، جس سے فوٹوگرافرزکو بہترین تصویر مل گئی۔ آسٹریلوی کھلاڑی گرائونڈ میں سخت حریف ہیں لیکن گرائونڈ کے باہر اچھے دوست ہیں۔

Related Articles