وارن کی موت طبعی قرار، تھائی پولیس نے مفروضے مسترد کردیے

راولپنڈی ،مارچ۔تھائی لینڈ کی پولیس نے شین وارن کی موت کو طبعی قرار دے کر سازشی مفروضوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے پوسٹ مارٹم میں 52 سالہ شخص کی موت کے بارے میں کوئی غلط بات نہیں دکھائی دی۔ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد آسٹریلوی حکومت تدفین کیلئے میت آسٹریلیا لے جارہی ہے۔ شین وارن کے اہل خانہ کو پوسٹ مارٹم کے نتیجے کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے اہل خانہ نے پورسٹ مارٹم رپورٹ کو قبول کر لیا ہے۔ آسٹریلیوی میڈیا کے مطابق آخری رسومات میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں ادا کی جائیں گی۔ دریں اثنا بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شین وارن کے منیجر جیمز ایرسکائن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تھائی لینڈ روانہ ہونے سے قبل سینے میں درد اور پسینہ آنے کی شکایت کی تھی۔ شین نے مرنے سے قبل ناقص غذاؤں کا استعمال کیا جس میں مکھن والے بن اورجوس شامل تھے۔ انہوں نے زندگی کا زیادہ تر حصہ سگریٹ نوشی پر وقف کیا، میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ اْنہیں اچانک دل کا دورہ پڑا یا اْس کے پیچھے کی وجوہات میں سگریٹ نوشی اور سینے میں درد تھا۔ علاوہ ازیں سابق بھارتی کپتان سنیل گاواسکرنے کہا کہ بھارتی لیگ اسپنر انیل کمبلے اور سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن، شین وارن سے بہتر بولر تھے۔ بھارت کے خلاف شین وارن کا ریکارڈ عام سا ہے، اس لیے میں اپنی کتاب میں مرلی دھرن کو ان سے زیادہ درجہ دوں گا۔ گاوسکر کو اس بیان پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 

Related Articles