نیوزی لینڈ نے دوسرا ٹیسٹ 58 رنز سے جیت کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی

ویلنگٹن، مارچ۔ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو دو دن میں دوسری بار آؤٹ کرتے ہوئے پیر کو دوسرا ٹیسٹ 58 رنوں سے جیت کر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر لیا۔پہلی اننگ میں 580 رنز بنانے والے نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 164 رن پر آل آؤٹ کر دیاتھا۔ فالوآن کرتے ہوئے مہمان ٹیم صبر اور تکنیک کا مظاہرہ کرنے کے باوجود 358 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔سری لنکا نے دن کا آغاز 113/2 کے اسکور سے کیا۔ مہمان ٹیم کے پاس چوتھے روز بیٹنگ کرتے ہوئے میچ بچانے کا موقع تھا جبکہ پانچویں روز شدید بارش متوقع تھی۔کوسل مینڈس (106 گیند، 50 رنز) اور اینجلو میتھیوز (44 گیندوں، 2 رنز) دن کے اوائل میں ہی آؤٹ ہوگئے، لیکن دنیش چندیمل اور دھننجے ڈی سلوا کی جوڑی نے سری لنکا کی اننگ کوسنبھال لیا۔چندیمل اور ڈی سلوا نے پانچویں وکٹ کے لیے 126 رنز کی شراکت داری کی۔ چندیمل 92 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنانے کے بعد بلیئر ٹکنر کا شکار ہو گئے لیکن ڈی سلوا کریز پر موجود رہے۔ اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے انہوں نے وکٹ کیپر نشان مدوشنکا (39) کے ساتھ 76 رنز کی شراکت داری کی۔سری لنکا مضبوطی سے دن کا اختتام کر سکتا تھا لیکن نیوزی لینڈ نے چائے سے پہلے اور بعد میں ایک ایک وکٹ لے کر میچ میں واپسی کرلی۔ ٹکنر نے دوسرے سیشن کے اختتام سے عین قبل مدوشنکا کو آؤٹ کر کے چھٹے وکٹ کی شراکت کو توڑ دیا، جبکہ ڈی سلوا تیسرے سیشن کے اوائل میں سنچری سے دو رنز کم، مائیکل بریسویل کا شکار ہو گئے۔ڈی سلوا نے 185 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 98 رنز بنائے۔ ان کا وکٹ گرنے کے بعد سری لنکا کے نچلے آرڈر کے بلے بازوں نے میچ ڈرا کرنے کے لیے کئی گیندیں کھیلیں لیکن ان کی کوششیں ناکام رہیں۔پربھات جے سوریا تقریباً ایک گھنٹے تک پچ پر وقت گزارنے کے بعد 45 گیندوں پر دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ نیوزی لینڈ جیت سے جب دو وکٹ دورتھی، تب کسن راجیتھا اور لاہیرو کمارا نے اپنے درمیان تقریباً 16 اوورز کھیل کر میزبان ٹیم کو تھکانے کا کام کیا۔کیوی ٹیم نے راجیتا (20) کو آؤٹ کرنے کے لیے دو ریویو بھی ضائع کر دیے۔ آخر کار ان کی 110 گیندوں کی اننگ کا اختتام اس وقت ہوا جب وہ ٹم ساؤتھی کی گیند پر سلپ میں ولیمسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ساؤتھی نے اس سے قبل لاہیرو (45 گیند، سات رنز) کو سلپ میں کیچ کرایا تھا۔

Related Articles