مجھے ٹرین میں لْوٹا گیا، چور چپل تک لے گئے تھے: اکشے کمار کا انکشاف

ممبئی،جون۔کچھ سال پہلے بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کے ساتھ ان کے ٹاک شو میں بات چیت کے دوران، اکشے کمار نے ایک بار انکشاف کیا تھا کہ انہیں ٹرین کے اندر لوٹ لیا گیا تھا اور چور اْن کی چپل تک لے گئے تھے۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ سْپر اسٹار اکشے کمار نے ٹرین میں لوٹ مار کے اپنے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے ابھی 4500 سے 5000 روپے کی شاپنگ کی تھی اور میں ان سب کے ساتھ ٹرین کے اندر چڑھ گیا، میں ٹرین میں سو رہا تھا لیکن اچانک جب میری آنکھ کھلی تو میں نے دیکھا کہ کچھ ڈاکو ٹرین کے اندر موجود لوگوں سے سارا سامان لے رہے ہیں‘۔اکشے کمار نے کہا کہ ’پھر ڈاکو میرے قریب آئے اور میرا سارا سامان لے گئے، اگر میں کوئی شور مچاتا تو وہ مجھے گولی مار دیتے‘۔جب انوپم کھیر نے اداکار سے پوچھا کہ آپ اس وقت کیا کر رہے تھے جب ڈاکو آپ کا سامان لے جا رہے تھے؟ تو اداکار نے کہا کہ ’میں رو رہا تھا‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے جو سامان 4500 روپے میں خریدا تھا، وہ سب لوٹ لیا گیا تھا اور میں پْرانی دہلی اسٹیشن پر بغیر سامان کے اْتر گیا‘۔واضح رہے کہ اکشے کمار نے سال 1991ء کی فلم ’سوگندھ‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ وہ انڈسٹری کے سب سے زیادہ ڈسپلن اور فِٹ اداکاروں میں سے ایک ہیں، متعدد پروجیکٹس کے ساتھ، وہ اس وقت ہندی فلم انڈسٹری کے مصروف ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔

Related Articles