فٹ بال ورلڈ کپ دیکھنے سعودی شہری 55 دن پیدل چل کر قطر پہنچ گیا

دوحہ،نومبر۔تقریبا 55 دن پیدل سفر کرکے سعودی مسافر عبد اللہ السلمی فٹ بال ورلڈ کپ کے میچ دیکھنے قطر پہنچ گیا۔السلمی نے اس حوالے سے ’’ العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ سے بات چیت کی اور بتایا کہ وہ مغربی سعودی عرب میں جدہ سے 1600 کلومیٹر سے زیادہ پیدل سفر طے کرکے دوحہ پہنچے ہیں۔انہوں نے یہ بھی مزید کہا کہ سخت آب و ہوا اور اس کے صحرا کے علاقوں کو عبور کرنے اور سفر میں ان کی مشکلات کے باوجود وہ اس کامیابی سے بہت خوش ہیں۔انہوں نے بتایا میں نے طویل عرصہ قبل ہی ورلڈ کپ میچوں میں شرکت کے مقصد کیلئے پیدل جانے پر غور شروع کردیا تھا۔ اس کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ اپنی برداشت کو ثابت کر سکوں۔السلمی نے کہا کہ اس نے اپنے سفر کو محفوظ بنانے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کیں ، اس کے پاس اپنے بھائی اور دوستوں کے موبائل سے منسلک ایک ٹریکنگ ڈیوائس موجود تھی۔ اس ڈیوائس کے ذریعہ انہیں میرے سفر کے متعلق معلومات ملتی رہتی تھیں۔السلمی کو کینیڈا اور آسٹریلیا میں پیدل سفر کا طویل تجربہ حاصل ہے۔ تاہم وہاں کا سفر جزیرہ نما عرب کو عبور کرنے کی دشواری کے مقابلے میں آسان معلوم ہوتا ہے۔ السلمی نے بتایا وہ عموماً طلوع آفتاب کے وقت نکلتا ہے اور دس یا ساڑھے دس بجے تک پیدل چلتا ہے۔ لیکن اس کے بعد شدید گرمی اسے چند گھنٹے آرام کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ چند گھنٹوں پر پھر غروب آفتاب تک پیدل سفر شروع ہوجاتا ہے۔

Related Articles