فرحان اختر اور شبانی ڈنڈیکر نے کورٹ میرج بھی کرلی

ممبئی،فروری۔بولی وڈ اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار فرحان اختر اور ماڈل و اداکارہ شبانی ڈنڈیکر نے شادی کے دو دن بعد عدالت میں بھی شادی کو رجسٹرڈ کروالیا۔فرحان اختر اور شبانی ڈنڈیکر نے 19 فروری کی دوپہر کو ریاست مہارا شٹر کے شہر ممبئی میں شادی کی تھی، جنہوں نے 21 فروری کو عدالت میں اپنی شادی کو رجسٹرڈ کروایا۔’نئی دہلی ٹیلی وڑن‘ (این ڈی ٹی وی) کے مطابق شبانی ڈنڈیکر اور فرحاں اختر نے ممبئی کی مقامی عدالت میں شادی کی رجسٹریشن کے بعد اپنی رہائش گاہ پر مٹھائی بھی تقسیم کی۔دونوں کا تعلق مختلف مذاہب ہے، جس وجہ سے انہیں بھارتی کے خصوصی میرج ایکٹ کے تحت اپنی شادی کو عدالت میں رجسٹرڈ کروانا پڑا۔شادی کو رجسٹرڈ کروانے کے بعد دونوں نے ممبئی کے علاقے کھنڈالا میں اپنی رہائش گاہ پر شوبز شخصیات، رشتے داروں اور دوستوں میں مٹھائی تقسیم کی۔اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بھی بتایا کہ دونوں نے رشتے داروں اور دوستوں کے سامنے شادی کرنے کے دو دن بعد 21 فروری کو عدالت میں شادی کی رجسٹریشن کروائی۔شادی رجسٹریشن کے موقع پر دونوں نے گلابی رنگ کا لباس پہنا، جس کے بعد دونوں نے رشتے داروں اور دوستوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔خیال کیا جا رہا ہے کہ عدالت میں شادی کی رجسٹریشن کے بعد ممکنہ طور پر دونوں دکھاوے کی خاطر ہندو رسومات کے تحت بھی شادی کریں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔دونوں کی شادی کی تقریبات 17 فروری کو شروع ہوئی تھیں اور ان کی شادی تقریبات میں ریتیک روشن، امریتا اروڑا اور ریا چکربورتی سمیت دیگر شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔یہ شبانی ڈنڈیکر کی پہلی جب کہ فرحان اختر کی دوسری شادی ہے، دونوں کے درمیان گزشتہ 5 سال سے تعلقات تھے۔شبانی ڈنڈیکر سے قبل فرحان اختر نے سال 2000 میں ہیئر اسٹالسٹ ادھونا بھابانی سے شادی کی تھی اور ان سے انہیں 2 بچیاں بھی ہیں، ان کے درمیان شادی کے 16 سال بعد 2016 میں طلاق ہوگئی تھی۔

Related Articles