سوئٹزرلینڈ کی فتح، کیمرون کیخلاف گول کیمرون نڑاد ایمبولو نے کیا
دوحا،نومبر۔ ’’دیکھا جو تیر کھاکے کمیں گاہ کی طرف، اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہوگئی‘‘۔ محسوس ہوتا ہے حفیظ جالندھری نے یہ شعر کیمرون فٹبال ٹیم کیلئے کہا تھا۔ دراصل ورلڈکپ میں سوئٹزرلینڈ کیخلاف شکست کی وجہ ایک ہی گول بنا جو کیمرون میں ہی پیدا ہونے والے بریل ایمبولو نے اسکور کیا۔ لیکن ایمبولو اس کارنامے کے بعد شرمسار دکھائی دیے۔ ورلڈ کپ گروپ جی میں انہوں نے اس کامیابی کے بعد اپنے وطن کیمرون کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور گول اسکور کرنے کے بعد جشن منانے سے گریز کیا۔25 سالہ ایمبولو کیمرون کے شہر یاؤنڈے میں پیدا ہوئے لیکن چھ سال کی عمر میں سوئٹزرلینڈ منتقل ہوئے اور پرورش سوئس شہر باسل میں ہوئی۔ انہوں نے جیسے ہی گیند کو جال میں پہنچایا تو الجنوب اسٹیڈیم میں سوئس شائقین کے چھوٹے گروپ نے زبردست خوشی کا اظہار کیا لیکن وہ خود تقریباً معذرت خواہانہ انداز میں خاموش کھڑے رہے۔بریل ایمبولو والدین میں علیحدگی کے بعد بچپن میں اپنی والدہ کے ساتھ فرانس آگئے تھے جس کے بعد ان کی والدہ نے سوئس شہری سے شادی کرلی اور یوں بریل امبولو کو 2014 میں سوئٹزرلینڈ کی شہریت مل گئی۔