سری لنکن کنڈیشنز اسپنرز کیلئے مددگار

 بابر کی امیدیں یاسر سے وابستہ، نگاہیں جیت پر مرکوز

کراچی ،جولائی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی کنڈیشنز میں پاکستان ٹیم اچھا کھیلتی رہی ہے۔ ہم اچھا کھیلے ہیں اسی تسلسل کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔ نگاہیں جیت پر مرکوز ہوں گی، میزبان ملک کی کنڈیشنز مختلف اور مشکل ہوں گی مگر مقابلہ کرنے کیلیے تیاری مکمل کرلی، کمبی نیشن کے بارے میں کہنا قبل ازوقت ہے۔ شان مسعود فٹ ہوئے اور ضرورت پڑی تو ضرور موقع دیں گے۔ اس سیریز کے پوائنٹس اہم ہیں، ہوم سیریز میں ہر ٹیم مضبوط ہوتی ہے، ہم ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ٹریک پر آ رہے ہیں۔ وہ پیر کو سری لنکا روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سات سال بعد سری لنکا جارہے ہیں، کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں یاسر شاہ کی واپسی کو خوش آئندہے، سری لنکا میں کنڈیشنز اسپنرز کیلئے کافی مددگار ثابت ہونگی ،ہمارے بولرز میں اتنی صلاحیت ہے کہ مخالف ٹیم کو دو بار آؤٹ کرسکیں، یاسر شاہ کو ساجد خان پر ترجیح دی گئی ہے، ساجد خان کے ایکشن پر کام کررہا ہے، ان کا بولنگ ایکشن رپورٹ نہیں ہوا مگر اس میں کچھ تبدیلی لانے کی ضرورت تھی۔ فاسٹ بولرز پر اعتماد ہے، وہ ہر کنڈیشن میں پرفارم کر سکتے ہیں، شعیب اختر نے کیمپ آکر فاسٹ بولرز کی بہت حوصلہ افزائی کی، بولرز نے ان سے مزید رہنمائی حاصل کی۔ بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہم نے اچھا کھیلا تھا ، یاسر شاہ لاہور اور پنڈی میں کیمپ کے دوران اچھے ردھم میں نظر آئے، امید ہے کہ گزشتہ دورہ سری لنکا میں کارکردگی دکھانے والے یاسر شاہ اس بار بھی پرفارم کریں گے۔ ٹیم کی مجموعی صورتحال بہتر ، بیٹرز اچھی فارم میں ہیں، یاسر شاہ کی واپسی ہوئی ہے، نعمان علی بھی موجود ہیں۔

Related Articles