بابر کوہلی سے کونسا ریکارڈ چھین سکتے ہیں؟

میلبورن،اکتوبر۔پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھارت کے اسٹار بیٹر اور سابق کپتان ویرات کوہلی سے ایک اہم اعزاز چھین سکتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ کل میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گا تاہم میچ کا انحصار موسم کی صورتحال پر ہے کیونکہ پاک بھارت میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔کرکٹ تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کا میچ نہیں ہوتا تو آئی سی سی کو ایک محتاط انداز کے مطابق 7 ملین ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جو ویرات کوہلی سے کئی اعزاز چھین چکے ہیں اور اب ایک اور اہم اعزاز چھیننے کے قریب ہیں۔پاکستان کے ابتدائی بیٹر کے پاس بھارت کے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 8 میچز ہیں، اگر بابر اعظم اگلی 8 اننگز میں 269 رنز اسکور کر لیتے ہیں تو وہ ویرات کوہلی سے ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 3500 رنز بنانے کا اعزاز چھین کر اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے 96 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 3500 رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا جبکہ بابر اعظم اب تک 92 میچز کی 87 اننگز میں 3231 رنز بنا چکے ہیں، اگر وہ اگلی 8 اننگز میں 269 رنز بنا لیتے ہیں تو وہ تیز ترین 3500 ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے میں ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔

Related Articles