جانی ڈیپ کی فیشن شو میں شمولیت پر ریحانہ کو تنقید کا سامنا
لاس اینجلس،نومبر۔ہالی ووڈ اداکار جانی ڈیپ گلوکارہ ریحانہ کے فیشن شو میں شریک ہوں گے، یہ پروگرام 9 نومبر کو ہوگا۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ ریحانہ کے برانڈ کی تشہیر میں ایک مرد اداکار (جانی ڈیپ) بھی شامل ہوگا۔جیسے ہی ریحانہ نے جانی ڈیپ کو فیشن شو میں مدعو کرنے کا اعلان کیا، ان پر تنقید شروع ہوگئی۔میوزک پروڈیوسر ڈریو ڈکسن نے ٹوئٹر پر کہا کہ جانی ڈیپ کو خواتین سے نفرت کرنے والے گروہ میں پذیرائی حاصل ہے اور اب انہیں فیشن شو میں مدعو کیا جا رہا ہے۔برطانوی گلوکار اور اداکار اولی الیگزینڈر پہلے ریحانہ کی برانڈ کی سوشل میڈیا تشہیر کا حصہ رہ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ اب سے وہ یہ برانڈ استعمال نہیں کریں گے۔