بیلا حدید کو لڑکپن میں کاسمیٹک سرجری کرانے پر پچھتاوا

لاس اینجلس ،مارچ۔سپر ماڈل بیلا حدید نے تسلیم کیا ہے کہ انہیں لڑکپن میں کاسمیٹک سرجری کرانے پر پچھتاوا ہے۔امریکی میگزین کو ایک انٹرویو میں بیلا حدید نے کہا کہ کاش انہوں نے 14 سال کی عمر میں ناک کی کاسمیٹک سرجری نہ کرائی ہوتی۔انہوں نے مزید کہا ‘میری خواہش ہے کہ کاش میں اپنے آباؤ اجداد کی ناک کو برقرار رکھتی۔بیلا حدید نے ان افواہوں کی تردید کی کہ وہ متعدد بار اس طرح کی سرجری کراچکی ہیں۔ان کا کہنا تھا ‘لوگوں کے پاس کہنے کے لیے ہمیشہ کچھ نہ کچھ ہوتا ہے، مگر میرا یہی کہنا ہے کہ مجھے میری انڈسٹری اور ارگرد کے لوگوں نے غلط سمجھا۔ انٹرویو میں برن آؤٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا گزشتہ سال اس کے باعث وہ دواؤں اور اسپیچ تھراپی کے ٹریٹمنٹ پروگرام کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ ‘لوگ انہیں کہتے ہیں کہ آپ کی زندگی شاندار ہے، تو پھر میں کس طرح شکایت کروں؟ مجھے ہمیشہ لگتا ہے کہ میرے پاس شکایت کا حق نہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ مجھے مدد طلب کرنے کا حق نہیں، جو کہ میرا اولین مسئلہ ہے۔بیلا حدید نے بچپن کے متعدد واقعات کا ذکر کیا جس نے ان کی شخصیت پر منفی اثرات مرتب کیے مگر فیشن انڈسٹری میں کام کرنے کے دباؤ نے انہیں زیادہ متاثر کیا۔انہوں نے کہا ‘ایسا بھی ہوا کہ لڑکیاں صبح 4 بجے میری گود میں رو رہی ہوتی، اس کے ساتھ ساتھ وہ کسی شو کے لیے تیار بھی ہورہی ہوتیں کیونکہ صبح 7 بجے ایک اور شو ہوتا، مکمل طور پر تباہ شدہ شخصیت کے ساتھ، بال بکھرے ہوئے، کچھ بھی کھایا نہیں ہوتا، اس لمحے تک پہنچ جاتے جب ہم کانپنے لگتے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ انڈسٹری میں حالات بہتر ہوئے ہیں مگر اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

 

Related Articles