بگ باس 16 جیتنے والے ایم سی اسٹین کون ہیں اور وہ شو کیوں نہیں جیتنا چاہتے تھے؟

ممبئی،فروری۔بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 16 عوام کو بھرپور تفریح فراہم کرنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔اتوار 12 فروری کی شب بگ باس 16 کا فائنل نشر کیا گیا جس میں سب کی توقعات کے برعکس 23 سالہ ریپر الطاف شیخ المعروف ایم سی (مائیک کنٹرولر) اسٹین شو کا ٹائٹل جیت گئے۔ساڑھے 4 ماہ چلنے والا بگ باس کا سیزن 16 سپر ہٹ سیزن میں سے ایک رہا جس کے فائنل میں 5 امیدوار پہنچے، جن میں پانچویں نمبر پر اداکار شالین بھنوٹ، چوتھے پر ماڈل و سیاستدان ارچنا گوتم رہیں۔تیسرے نمبر پر معروف اداکارہ پریانکا چاہر چوہدری اور رنر اپ بگ باس مراٹھی (سیزن 2) کے فاتح اور ایم سی کے بہترین دوست شیو ٹھاکرے رہے۔
ایم سی اسٹین کو انعام میں کیا ملا؟ اسٹین کو ٹرافی سمیت 31 لاکھ روپے سے زیادہ کی انعامی رقم اور ایک گاڑی بھی پیش کی گئی۔
اسٹین شو بیچ میں چھوڑنے والے تھے:بگ باس کے مداحوں سمیت کئی اداکاروں کو پوری امید تھی کہ بگ باس 16 کا ونر یا تو شیو یا پریانکا ہوگی کیونکہ دونوں کھلاڑی سیزن کے آغاز سے ہی مضبوط امیدوار تھے، اس کے برعکس ایم سی اسٹین شو کے آغاز سے ہی چاہ رہے تھے کہ کسی طرح شو سے باہر ہوجائیں، کئی بار انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ وہ خود ہی شو چھوڑ کر چلے جائیں گے اور اس صورت میں شو کی انتظامیہ کو 2 کروڑ بھی دیں گے کیونکہ شو خود چھوڑ کر جانے والے کو کانٹریکٹ کے تحت رقم ادا کرنی ہوتی ہے۔
اسٹین شو کیوں نہیں جیتنا چاہتے تھے؟شروعات سے ہی اسٹین کی سوچ تھی کہ وہ اس گھر کے ماحول کے لیے سازگار نہیں کیونکہ وہ زیادہ بات نہیں کرتے تھے اور زیادہ دوسروں سے گھلتے ملتے نہیں تھے، اس لیے وہ چاہتے تھے کہ جلد از جلد شو سے نکلیں اور ٹرافی کوئی اور جیتے۔اسٹین کو یہ ہی لگتا تھا کہ وہ اس شو کے لیے نہیں بنے اسی لیے ٹرافی نہیں جیت سکتے۔
انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز:شو کے آخری چند ہفتوں میں اسٹین نے اپنی شخصیت دکھانا شروع کی اور کھیلنا شروع کیا، اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے ایم سی شو کے واحد امیدوار تھے جن کے انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز ہیں۔ایم سی اسٹین کے انسٹاگرام پر 7 ملین یعنی 70 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم سی کا انسٹاگرام اکاؤنٹ شو کی تاریخ کا سب سے زیادہ چلنے والا اکاؤنٹ بنا کیونکہ شو میں جانے سے قبل ریپر کے فالوورز 1.6 ملین تھے جو شو کے دوران ہی 7.5 ملین ہوگئے۔
بگ باس کی تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹس حاصل کرنے والا ایم سی ہے کون؟23 سالہ ایم سی ان چند ونرز میں سے ایک ہے جسے شو کی تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹس ملے۔ایم سی کا تعلق ایک غریب ترین مسلم خاندان سے ہے جس کی پیدائش 30 اگست 1999 کو شہر پونے میں ہوئی۔
ریپر کیسے بنے؟میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم سی چھٹی جماعت میں تھے تو انہیں اپنے بھائی نے ریپر ففٹی سینٹ کا ایک ریپ سنایا جس کے بعد ان میں ریپنگ کا شوق پیدا ہوا، ایم سی اسٹین جب آٹھویں جماعت میں پڑھ رہے تھے تو انہوں نے اپنا پہلا گانا لکھا تھا، اس کا ٹیزر جاری ہونے کے باوجود گانا کبھی بھی ریلیز نہیں ہوسکا۔اس کا تھوڑا عرصہ گزر جانے کے بعد ایم سی نے مزید گانے لکھے اور ان پر ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں تو نوجوانوں نے ان کے گانے اور ہپ ہاپ کے نئے انداز کو بے حد پسند کیا، پھر وہ وقت بھی آیا جب انہیں ممبئی کا سب سے بڑا ریپر مانا جانے لگا۔
الطاف شیخ کا نام ایم سی کیسے ہوا؟میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک دن الطاف کا کسی کے ساتھ جھگڑا ہوا تو اس لڑکینے ان کے گھر پر نامناسب زبان کا استعمال کرتے ہوئے اسٹین لکھا تھا جس کے بعد الطاف نے وہ لفظ اپنے نام میں شامل کردیا جسے بعد ازاں الطاف نے مائیک کنٹرولر کہا۔یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ بگ باس کی تاریخ میں پہلی بار کوئی اتنی چھوٹی عمر میں فاتح قرار پایا۔

Related Articles