بچوں کی نظر میں ان کے والد کی عزت خراب نہیں ہونے دیتی، کِم کارڈیشین
نیویارک،جنوری۔امریکی سپر ماڈل کم کارڈیشین کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد شریک والدین کے طور پر بچوں کی پرورش کرنا آسان نہیں ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں کم کارڈیشین ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے امریکی گلوکار کانیے ویسٹ سے علیحدگی کے بعد شریک والدین ہونے اور بچوں کی اچھی پرورش کرنے کی جدوجہد کے بارے میں بات کی۔کِم کا کہنا تھا کہ وہ کبھی اپنے بچوں تک ان کے والد اور اپنے لئے پھیلی ہوئی نفرت انگیز خبریں نہیں پہنچنے دیتیں اور بچوں کی نظر میں ان کے باپ کی عزت کو بنائے رکھنے کی پوری کوشش کرتی ہیں۔امریکی ماڈل کا کہنا تھا کہ میرے چاروں بچے کانیے ویسٹ کے گانوں کو تیز آواز میں سنتے ہیں اور خوب لطف اندوز ہوتے ہیں اسکول سے واپسی پر بھی گاڑی میں بچوں کیلئے ان کے والد کے گائے ہوئے گانے لگاتی ہوں اور ان کے دل میں والد کی محبت اور عزت کو کم نہیں ہونے دیتی۔کم کارڈیشین نے مزید کہا کہ ’میرے گھر میں بچوں کو یہ نہیں معلوم ہوتا کہ باہر کی دنیا میں کیا ہورہا ہے میں ان کے سامنے مسکراتی رہتی ہوں‘۔یاد رہے کہ کم کارڈیشین اور امریکی گلوکار کانیے ویسٹ کے 4 بچے ہیں، اس جوڑی نے 2022 کے آغاز میں راہیں جدا کرلی تھیں۔