بالی ووڈ کی کئی فلموں میں میری رنگت کو گورا کرکے دکھایا گیا، پریانکا چوپڑا
ممبئی،مارچ۔عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے ان کی سانولی رنگت کو بالی ووڈ کی کئی فلموں میں گورا دکھایا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ کو انٹریو دیا جس میں انہوں نے بالی ووڈ چھوڑنے کی وجہ سمیت مختلف امور پر کھل کر بات کی۔انہوں نے بالی ووڈ میں ابتدائی دنوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح انہیں ان کی سانولی رنگت کی وجہ سے ہراساں کیا گیا جس سے ان کی پرفارمنس متاثر ہوئی۔پریانکا چوپڑا نے بتایا کہ انہیں بیوٹی کریمز کے اشتہارات آفر ہوتے تھے، جس میں دکھایا جاتا کہ دھوپ کی وجہ سے میرا رنگ سانولا ہوگیا ہے اور رنگ گورا کرنے والی کریم میرا رنگ گورا کر دے گی۔انہوں نے اس قسم کے اشتہارات سے نوجوان لڑکیوں کے ذہن پر پڑنے والے منفی اثرات کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اشتہارات سے ہماری نوجوان لڑکیوں کو احساس کمتری میں ملوث کردیا جاتا ہے، انہیں یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ وہ گوری نہیں ہیں اس لئے زندگی میں کچھ نہیں کر سکتیں، زندگی میں صرف گوری رنگت کے ساتھ ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔پریانکا چوپڑا نے اپنے سانولے رنگ کی وجہ سے کیرئیر کے شروع میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ جن ہیروئنز کا رنگ گورا ہوتا ہے انہیں باآسانی رولز مل جایا کرتے تھے ، انہیں سانولے رنگ کی وجہ سے مخصوص کرداروں کی آفرز ہی آیا کرتی تھی، یا پھر انہیں کہا جاتا تھا کہ اسکرین پر ان کی رنگت کو ہلکا کرکے دکھائیں گے۔انہوں نے 2004 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’قسمت‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ایک گانا ہے ’چٹی دودھ کْڑی‘ جس کے معنی ہیں دودھ کی طرح سفید اور وہ ایسی نہیں اس لئے اس گانے کی ریکارڈنگ کرواتے ہوئے میک اپ اور لائٹس کی مدد سے انہیں گورا دکھایا گیا۔یاد رہے کہ اسی پوڈ کاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے بتایا تھا کہ کس طرح انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے نہیں دیا گیا، ان کے لئے مشکلات کھڑی کی گئیں یہاں تک کہ انہیں گوشت کھانے پر مجبور کر دیا گیا۔