بابر نے رنز نہ بنائے تو پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنا مشکل ہوگا: پونٹنگ
نئی دہلی، جولائی۔ سابق آسٹریلیائی کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ اگر کپتان بابر اعظم ٹورنامنٹ میں رنز نہیں بناتے تو پاکستان کے لیے رواں سال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنا مشکل ہو جائے گا۔ پاکستان کے وقار یونس نے حال ہی میں کہا تھا کہ ان کی سابق ٹیم کے پاس آسٹریلیا میں ہونے والا دوسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کا اچھا موقع ہے، لیکن پونٹنگ اس پر قائل نہیں ہیں۔ جبکہ دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان نے اسٹار پیسر شاہین آفریدی اور محمد رضوان کو اہم کھلاڑی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹنگ لائن اپ کا بہت زیادہ انحصار کپتان اور نمبر 1 بلے باز بابر پر ہے۔ پونٹنگ نے آئی سی سی ریویو کے تازہ ترین ایپی سوڈ میں کہا کہ اگر بابر ٹورنامنٹ میں رنز نہیں بناتا تو مجھے نہیں لگتا کہ وہ جیت سکتے ہیں۔ ان کے اوپنرز بہت اہم ہیں اور ان کے نئے گیند باز بھی بہت اہم ہیں، لیکن آسٹریلیا میں اسپن بولر کا کردار وکٹوں کے حوالے سے کچھ زیادہ مشکل ہو سکتا ہے جو شاید ان کے کام نہیں آئے گا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ پونٹنگ کی ٹیم آسٹریلیا تھی جس نے متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گزشتہ سیزن میں پاکستان کو سیمی فائنل میں ناک آ ؤٹ کیا تھا۔