پوری ٹیم متاثر ہونے کے خیال سے بہت خوفزدہ تھی: شاردل ٹھاکر

نئی دہلی ، ستمبر۔ہندوستان کے تیزگیندباز شاردول ٹھاکر نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ فزیو یوگیش پرمار کے کووڈ 19 سے متاثر ہونے کے بعد پوری ٹیم کورونا سے متاثر ہونے کے خیال سے بہت خوفزدہ تھی۔ ٹھاکر نے کہا کہ فزیو تقریبا تمام کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں تھے اور جب وہ مثبت پائے گئے تو پوری ٹیم میں خوف کا ماحول تھا۔ٹھاکر نے ایک انگریزی اخبار کو بتایا ، ہم اس بات سے پریشان تھے کہ کیا ہوگا ، کون متاثر ہوگا؟ کیونکہ پرمار نے سبھی کا علاج کیا تھا۔ ہم نہیں جانتے تھے کہ چیزیں کیسے آگے بڑھیں گی کیونکہ اس انفیکشن کو ٹریک کرنا ناممکن ہے۔ اگلے چار پانچ دن ہمارے لئے غیر محفوظ تھے کیونکہ خوف تھا کہ یہ میرے ساتھ بھی ہو سکتا ہے یا کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ ہر کوئی اپنے اور اپنے خاندان کے بارے میں فکر مند تھا۔مانچسٹر میں پانچواں اور آخری ٹیسٹ ہندوستانی ٹیم کے بائیو ببل میں کووڈ 19 کے پھیلنے کی وجہ سے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔ 10 ستمبر کو مقررہ ٹاس کے وقت سے چند گھنٹے پہلے ، خبر آئی کہ پرمار کا کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ پرمار کو چوتھے ٹیسٹ کے بعد زیادہ محنت کرنا پڑی کیونکہ دی اوول میں ہندوستان کے ہیڈکوچ روی شاستری کے قریبی رابطے کے طور پر پہچانے جانے کے بعد ٹیم کے چیف فزیو نتن پٹیل آئیسولیشن میں تھے۔ وہیں گیندبازی کوچ بھرت ارون، فیلڈنگ کوچ اور شری دھر بھی اس وقت پر کووڈ سے متاثر پائے گئے تھے۔پانچواں ٹیسٹ ملتوی ہونے سے پہلے ٹھاکر گیند اور بلے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے اور ہندوستانی ٹیم سیریز میں دو۔ایک سے آگے تھی۔ ٹھاکر کی اوول میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے وہ میچ 157 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔

Related Articles