اینٹی ڈوپنگ ضوابط کے تحت مورعارضی طور پرمعطل
لندن، جون ۔ برطانوی ٹینس کھلاڑی تارا مور کو اینٹی ڈوپنگ پروگرام کے تحت ممنوعہ مادہ کے لئے پازیٹوپائے جانے پر عارضی طورسے معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈبلیو ٹی اے ڈبلزکی 83 نمبرکی کھلاڑی مور نے اپریل 2022 میں کولمبیا کے بوگوٹا میں منعقدہ ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ کے دوران اپنے نمونے دیے تھے۔ بین الاقوامی ٹینس انٹیگریٹی ایجنسی نے بدھ کے روز کہا، سیمپل کو اے اوربی میں تقسیم کیاگیا اورجانچ میں پایاگیا کہ اے سیمپل میں نینڈرولون میٹابولائٹس اور بولڈینون اور اس کے میٹابولائٹس موجود ہیں، جو 2022 ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی ممنوعہ فہرست میں نامزدمادہ ہے۔ ایجنسی نے کہا، اب کھلاڑی کے پاس موقع ہے کہ وہ سیمپل بی کی جانچ کے لئے درخواست کرے تاکہ یہ دیکھاجاسکے کہ وہ سیمپل اے سے ملتاہے یانہیں۔ اس دوران 29 سالہ مور کسی بھی منظور شدہ ٹینس مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔ اپنی عارضی معطلی کے بارے میں، مور نے ٹویٹ کیا: اپنے کیریئر میں شعوری طورپر کبھی کوئی ممنوعہ مادہ نہیں لیا۔ میں یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہوں کہ میرے سیمپل میں یہ مادہ کیسے آیا اورمیں یہ ثابت کروں گی کہ میں بے قصور ہوں۔ انہوں نے کہا، میں عارضی معطلی سے بہت افسردہ ہوں اورامید کرتی ہوں کہ جلد ہی کورٹ میں واپسی کروں گی۔