اکشے کمار اور عمران ہاشمی کی میٹرو ٹرین میں عوام کے ساتھ سواری
ممبئی،فروری۔ بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار اور عمران ہاشمی نے میٹرو ٹرین میں سفر کر کے مسافروں کو حیران کر دیا۔عمران ہاشمی اور اکشے کمار جلد اپنی نئی فلم’ سیلفی‘ میں ایک ساتھ بڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے اور ان دِنوں یہ سْپر اسٹار جوڑی اپنی فلم کی پروموشن میں مصروف ہے۔اپنی فلم کی پروموشن کیلئے ایک الگ انداز اپناتے ہوئے عمران ہاشمی اور اکشے نے عوام کے درمیان عام لوگوں کی طرح میٹرو ٹرین میں سفر کیا جو دیکھ کر ان کے مداح بھی حیران رہ گئے اور اپنے پسندیدہ ہیروز کے ساتھ سیلفی بھی بنائیں۔عمران ہاشمی اور اکشے کمار کی فلم سیلفی میں ماضی کے مشہور گانے ’میں کھلاڑی تو اناڑی‘ کو بھی نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ دونوں اداکاروں نے ممبئی کی میٹرو ٹرین میں مسافروں کے درمیان اپنی ٹیم کے ساتھ اس گانے پر بھی پرفارم کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔یاد رہے کہ اکشے اور عمران کی فلم ’سیلفی‘ 24 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس میں اداکارہ ڈیانا پینٹی اور نشرت بروچا بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔