اتر پردیش کے امیٹھی میں خستہ کھانے سے 102 افراد بیمار

17 کو میڈیکل کالج تلوئی بھیجا گیا

امیٹھی، ۔ اتر پردیش کے امیٹھی ضلع کی تلوئی تحصیل کے تحت کوٹوا گرام سبھا میں ایک میلے کے دوران خستہ کھانے کے بعد 100 سے زائد بچوں اور بالغوں کی طبیعت بگڑ گئی۔ بیمار افراد کو الٹی اور دست کی شکایت ہونے پر محکمہ صحت کی ٹیم گاؤں پہنچی، مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں دوائیں فراہم کیں۔ ان میں سے 17 افراد کو میڈیکل کالج تلوئی بھیجا گیا ہے۔امیٹھی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر انشومان سنگھ نے جمعرات کو بتایا کہ گرام پردھان کی اطلاع ملتے ہی محکمہ صحت کی ٹیم فوری طور پر گاوں پہنچ گئی۔ وہ خود بھی موقع پر پہنچے اور صورت حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم نے مجموعی طور پر 102 افراد کا طبی معائنہ کرکے انہیں دوائیں فراہم کیں۔ ان میں 39 بچے اور 63 بالغ افراد شامل ہیں۔ یہ فوڈ پوائزننگ کا معاملہ ہے۔ الٹی کی شکایت زیادہ ہونے اور دوا سے راحت نہ ملنے کے سبب 17 افراد کو میڈیکل کالج تلوئی بھیجا گیا ہے۔ ان میں 10 بچے اور 7 بالغ شامل ہیں۔ فی الحال تمام مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے گاؤں میں گھر گھر جا کر دوائیں تقسیم کی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی لوگوں کو صفائی ستھرائی، کھانے پینے اور صحت سے متعلق ضروری احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ فی الحال صورت حال معمول پر ہے۔ گاوں میں بیمار افراد کی نگرانی کی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی طرح کی پریشانی ہونے پر انہیں فوری علاج فراہم کیا جا سکے۔

 

Related Articles