ترکیہ یومِ جمہوریہ کے موقع پر صدر اردوعان کا خصوصی پیغام

انقرہ، ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان نے یومِ جمہوریہ کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
پیغام میں صدر اردوعان نے کہا ہے کہ “آج ہم اپنی جمہوریہ کے قیام کی 103ویں سالگرہ بڑے فخر اور جوش و خروش کے ساتھ منا رہے ہیں۔ میں اپنی عزیز قوم، اپنے ترک قبرصی بھائیوں اور دنیا کے مختلف حصوں میں مقیم اپنے تمام شہریوں کو 29 اکتوبر، یومِ جمہوریہ کی دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں”۔
انہوں نے کہا ہے کہ ” بیرونِ ملک ہمارے سفارتی مشنز میں ہماری خوشی اور جوش و خروش میں شریک ہونے والے معزز مہمانوں کا بھی میں تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں اپنے اُن تمام دوستوں اور بھائیوں کو بھی محبت کا پیغام دیتا ہوں جن کے دل ہماری مشترکہ تہذیبی و ثقافتی دنیا کے مختلف گوشوں میں ہماری قوم کے ساتھ دھڑکتے ہیں، جو ہماری خوشی میں خوش اور ہمارے غم میں غمگین ہوتے ہیں اور جن کے ساتھ ہم تقدیر اور قلبی وابستگی کا رشتہ رکھتے ہیں”۔
صدر اردوعان نے کہا ہے کہ “ہماری جمہوریہ ،ترک قوم کی آزادی کی خواہش، آزاد زندگی گزارنے کے عزم اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے ارادے کی سب سے مضبوط علامت ہے۔ ہماری قوم کی تاریخ، شاندار فتوحات اور جدوجہد سے بھری پڑی ہے۔ غازی مصطفیٰ کمال کی قیادت میں ہم نے جس عظیم قربانی اور ایثار کے ساتھ قومی جدوجہد جاری رکھی، اس نے پوری دنیا کو دکھا دیا کہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ متحد ہونے والی قوم انتہائی مشکل حالات میں بھی کیا کچھ حاصل کر سکتی ہے۔ محدود وسائل اور نامساعد حالات میں حاصل ہونے والی اس عظیم کامیابی نے نہ صرف ایک قوم کی تقدیر بدل دی بلکہ قومی ارادے کی قوت اور آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کے ناقابلِ تنسیخ حق کو تاریخ میں ثبت کر دیا”۔
ترکیہ کے سفرِ ترقی کا ذکر کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوعان نے کہا ہے کہ “آج سے ٹھیک 103 سال پہلے بحیثیت قوم ہم نے جس عزم، جرأت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا تھا، وہ آج بھی ہمارے لیے تحریک اور حوصلے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ گزشتہ 24 برسوں کے دوران دفاعی صنعت سے لے کر توانائی، نقل و حمل اور سفارت کاری تک مختلف شعبوں میں ہم نے جو پیش رفت کی ہے، اسے ایک مؤثر، مضبوط اور خوش حال ترکیہ کی جانب سفر کے اہم سنگِ میل سمجھتے ہیں۔
ہمارا ملک اپنی ٹیکنالوجی خود تیار کر رہا ہے، دفاع کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں اور استعداد میں اضافہ کر رہا ہے، توانائی کی فراہمی کے تحفظ کو مضبوط بنا رہا ہے، نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید بنا رہا ہے اور اپنی پیداواری صلاحیت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ اس طرح ترکیہ ایک زیادہ مضبوط مستقبل کی جانب پُرعزم انداز میں آگے بڑھ رہا ہے”۔

Related Articles