وزیر اعظم مودی آج ڈی جی پی کانفرنس سے خطاب کر سکتے ہیں

لکھنؤ، نومبر۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے 56 ویں آل انڈیا ڈائرکٹر جنرل آف پولیس-انسپکٹر جنرل آف پولیس کانفرنس کے تیسرے اور آخری دن اتوار کو یہاں پولیس افسران سے خطاب کرنے کا امکان ہے، جس میں داخلی سلامتی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔مسٹر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج بھی تقریباً پورا دن کانفرنس میں موجود رہیں گے۔ راج بھون میں رات گزارنے کے بعد وہ صبح تقریباً 9.30 بجے کانفرنس میں شرکت کے لیے یوپی پولیس کی سگنیچر بلڈنگ پہنچے۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کو ہونے والی بات چیت کے دوران سامنے آنے والے تمام موضوعات پر وزیر اعظم کے آج اپنا موقف پیش کرنے کا امکان ہے جس کے بعد وہ دہلی کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔اہم بات یہ ہے کہ وزیر اعظم کے یوپی کے سہ روزہ دورے کا آج آخری دن ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں آئے تھے اور بندیل کھنڈ کے جھانسی اور مہوبہ میں مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا تھا جس کے بعد وہ اسی رات لکھنؤ پہنچے اور ہفتہ کو آل انڈیا ڈی جی پی آئی کانفرنس میں شرکت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ کل پورے دن کانفرنس میں موجود رہے اور تمام سیشنز میں حصہ لیا۔ انہوں نے مختلف ریاستی اور مرکزی ایجنسیوں کے پرزنٹیشن کو غور سے سنا۔مسٹر مودی اور دیگر معززین نے پولیس افسران کے ساتھ عشائیہ بھی کیا۔ جمعہ کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ڈی جی پی آئی جی کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اتر پردیش میں پہلی بار ڈی جی پی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس سہ روزہ کانفرنس میں انسداد دہشت گردی کے چیلنجز، بائیں بازو کی انتہا پسندی، پولیس اصلاحات، پولیس کی جدید کاری، سائبر کرائم اور داخلی سلامتی سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔لکھنؤ کے گومتی نگر میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ڈی جی پیز، مرکزی مسلح افواج اور مرکزی پولیس تنظیموں کے سربراہان، سی بی آئی کے ڈائریکٹرز حصہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آئی بی، اسٹیٹ آئی بی ہیڈ کوارٹر میں 37 مختلف مقامات سے مدعو پولیس افسران نے ورچول میڈیم کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کی۔

Related Articles