محمد رضوان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئر آف دی ایئر کے لیے نامزد
آئی سی سی،دسمبر۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو 2021 میں شان دار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2021 میں بہترین کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا ہے۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آئی سی سی کی جانب سے جن کھلاڑیوں کو اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، ان میں محمد رضوان کے علاوہ انگلینڈ کے جوس بٹلر، آسٹریلیا کے مچل مارش اور سری لنکا کے ہسارنگا شامل ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 2021 کے دوران ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں راج کیا۔محمد رضوان نے 2021 کے دوران 29 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 73.66 کی اوسط سے 1326 رنز بنائے جب کہ اْن کا اسٹرائیک ریٹ 134.89 رہا۔محمد رضوان نے متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار کیا اور وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے۔محمد رضوان نے ورلڈ کپ میں کپتان بابر اعظم کے ہمراہ بھارت کے خلاف شان دار اننگز کھیل کر خوب داد سمیٹی تھی۔ یہ پاکستان کی ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کے خلاف پہلی تاریخی کامیابی تھی۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں سری لنکا کے اسپنر ہسارنگا بھی شامل ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہیٹرک کی تھی۔آسٹریلیا کے مچل مارش کو بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جنہوں نے 2021 میں 27 میچ کھیل کر 36.88 کی اوسط سے 627 رنز بنائے جب کہ آٹھ وکٹیں بھی حاصل کیں۔مچل مارش کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف جارحانہ اننگز نے پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو ورلڈ چیمپئن بنوانے میں مدد کی۔جارحانہ بلے بازی کی شہرت رکھنے والے جوس بٹلر کو بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز کے لیے بھی 2021 یادگار رہا، اْنہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں صرف 67 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ان چاروں نامزدگیوں میں سے فاتح کا اعلان 24 جنوری کو کیا جائے گا۔