رونالڈو نے میسی سے زیادہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت کر ریٹائر ہونے کے دعوے مستردکردیے
لزبن،دسمبر۔پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے لیونل میسی سے زیادہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت کر ریٹائر ہونے کے فرانسیسی صحافی کے دعوے مسترد کردیے۔ گزشتہ روزبارسلونا کے سابق اور پی ایس جی کے موجودہ فارورڈ میسی نے ریکارڈ ساتویں مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیتا جبکہ رونالڈو نے یہ ایوارڈ 5 بار اپنے نام کیا ہوا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق گزشتہ ہفتے فرانسیسی فٹبال میگزین فرانس فٹ بال کے چیف ایڈیٹر اور بیلن ڈی اور کے آرگنائزر پاسکل فیرے نے نیویارک ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ رونالڈو نے انھیں بتایا تھا کہ ان کی بنیادی خواہش لیونل میسی سے زیادہ بار بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت کر ریٹائر ہونا ہے۔رونالڈو نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں فرانسیسی صحافی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسکل فیرے نے جھوٹ بولا اور وہ میرا نام استعمال کر کے خود کو مشہور کرنا چاہتے ہیں ۔کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہیکہ بیلن ڈی اور جیسا باوقار ایوارڈ دینے والا شخص اس طرح جھوٹ بول سکتا ہے۔رونالڈو نے مزید کہا کہ میرے کیریئر کی سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ میں اپنے ملک اور اپنے کلبز جن کی میں نمائندگی کرتا ہوں ان کے لیے نیشنل اور انٹرنیشنل ٹائٹل جیتوں اور میرا نام عالمی فٹبال کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے۔واضح رہے کہ بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانس فٹ بال کی جانب سے سال کے بہترین فٹبالر کو دیا جاتا ہے جبکہ اس میں دنیا بھر سے 180 صحافی فاتح کیلئے ووٹ کرتے ہیں۔