اصغر افغان کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان
ابوظہبی ،اکتوبر۔ افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان، جو اس ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کا بھی اہم حصہ ہیں، نے نامیبیا کے خلاف اتوار کو ہونے والے میچ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے بھی اسے قبول بھی کرلیا ہے اور ان کے اس فیصلے کا احترام کیا ہے۔33 سالہ اس کھلاڑی کوافغانستان کی اسکاٹ لینڈ پر 130 رنز کی جیت والے میچ میں بلے بازی کرنے کا موقع نہیں ملاتھا۔ جب کہ پاکستان کے خلاف انہوں نے صرف 10 رن بنائے تھے، اس میچ میں افغانستان کو شکست کاسامنا کرناپڑاتھا۔ اصغر کا یہ 74 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا، انہوں نے اس فارمیٹ میں 21.79 کی اوسط اور 110.37 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1351 رنز بنائے ہیں۔اصغر کے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 2009 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ سے ہواتھا۔ اصغر نے 114 ون ڈے میچوں میں 24.73 کی اوسط اور 66.77 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2424 رنز بنائے ہیں۔ افغانستان کے پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتانی کی ذمہ داری اصغر کے کندھوں پر تھی، ہندوستان کے خلاف یہ ٹیسٹ میچ 2018 میں بنگلور میں کھیلا گیا تھا۔ اصغر نے چھ ٹیسٹ میں 44 کی اوسط سے 440 رنز بنائے ہیں۔اصغر کوایک بلے باز سے زیادہ بہتر کپتان کے طور پر جاناجاتا ہے۔ ان کے نام آج بھی ٹی20 بین الاقوامی میں بطور کپتان سب سے زیادہ جیت کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 52 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں افغانستان کی کپتانی کی اور اس دوران انہوں نے 42 میں ٹیم کو جیت دلائی ہے۔ جبکہ اس فہرست میں ہندوستان کے سابق کپتان ایم ایس دھونی 41 جیت کے ساتھ اصغرکے بعد ہیں۔اصغر سے 2019 میں کپتانی چھین لی گئی تھی اور پھر افغانستان بورڈ نے مختلف فارمیٹس کے لیے مختلف کپتان بنائے تھے۔ رحمت شاہ کو ٹیسٹ جبکہ گلبدین نائب کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کمان راشد خان کودی گئی تھی۔ تاہم دسمبر 2019 میں اصغر کو ایک بار پھر تمام فارمیٹس کا کپتان مقرر کیا گیا۔ لیکن چند ماہ بعد ایک بار پھر ان سے کپتانی واپس لے لی گئی۔