ٹی۔20 ورلڈ کپ میں اسپن بولرز کی بڑی ذمہ داری ہوگی: راشد
دوبئی،اکتوبر۔ افغانستان کے اسٹرائیک لیگ اسپن بولر راشد خان کو یقین ہے کہ ٹی۔20 ورلڈ کپ میں بھی اسپن بولرز کا غلبہ ہوگا۔ راشد اپنے ملک کے لیے دوسرا ٹی۔20 ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں ، دی کرکٹ منتھلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تینوں مقامات پر پچیں اسپن بولرز کے لیے موزوں ہوں گی۔ راشد نے بتایاکہ حالات ہمیشہ اسپنرز کے لیے سازگار ہوتے ہیں اور میرے خیال میں یہ اسپنرز کا ورلڈ کپ ہوگا۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وکٹیں کیسے بنتی ہیں کیونکہ یہ ہمیشہ اسپن بولرز کے لیے سازگار ہوتا ہے۔ اسپنرز کا کردار اس ورلڈ کپ میں بہت اہم ہوگا۔ جیسا کہ ہم نے آئی پی ایل میں دیکھا ، ہر بار اسپنرز ٹیم کو واپس لا رہے تھے۔میرے خیال میں یہی تصویر اس ورلڈ کپ میں ہوگی، صرف ٹیم کے بہترین اسپنرز ہی ہمارے ملک کو میچ میں واپس لائیں گے یا جیت دلائیں گے۔ اگرچہ راشد کی فرنچائز سن رائزرز حیدرآباد پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے رہی تھی، لیکن راشد کا گیند کے ساتھ اچھا مظاہرہ رہا تھا۔ راشد یوزویندر چہل اور ورون چکرورتی کے ساتھ مشترکہ سب سے زیادہ وکٹ لینے والے (18) تھے۔ آئی پی ایل 2020 میں بھی چہل اور راشد دونوں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں ٹاپ 10 میں تھے۔اگر ہم متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے دونوں سیزن پر نظر ڈالیں تو یہ بات واضح ہے کہ یہاں اسپن بولرز کا غلبہ ہے۔ دوبئی میں کل وکٹوں میں اسپنرز کا حصہ 30.8 فیصد ، شارجہ میں 31.1 فیصد اور ابو ظہبی میں کل وکٹوں کا 32.1 فیصد رہا۔ راشد نے مزید بتایا کہ گروپ -2 میں جہاں اس کے ساتھ ہندوستان، پاکستان اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں، اس کے لیے یہ اچھا چیلنج ہوگا کیونکہ ان تمام ٹیموں کے پاس ایسے بلے باز ہیں جو اسپن اچھا کھیلتے ہیں، اس لیے انہیں زیادہ محنت نہیں کرنی ہوگی۔ 2016 کے ٹی۔ ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان نے سپر 10 میں جگہ بنا تو لی تھی لیکن انہیں وہاں صرف ایک فتح ملی اور وہ فتح عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف تھی۔ جہاں انہوں نے 123 رنز کا دفاع کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی۔ راشد نے ٹی۔ 20 ورلڈ کپ کے لیے افغانستان کے اسکواڈ کے اعلان کے فورا بعد کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر افغانستان اچھا کرنا چاہتا ہے تو بلے بازوں کو بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔ انہوں نے بتایاکہ ایک بار جب آپ ان سست پچوں پر اچھا اسکور حاصل کرلیں تو یہ اسپن بولرز کے لیے بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔ کیونکہ اس کے بعد آپ اپنی مہارت دکھا سکتے ہیں اور وکٹیں لے سکتے ہیں۔ اگر آپ اچھی بیٹنگ کرتے ہیں تو آپ کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔