راشد ٹی ٹوئنٹی کے سرفہرست گیندباز بنے
دبئی، مارچ۔افغانستان کے ٹی 20 ٹیم کے کپتان راشد خان پاکستان کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد ٹی 20 گیند بازوں کی فہرست میں ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق راشد 710 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ وانندو ہسرنگا (695) کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر پہنچ گئےہیں۔ کپتان راشد نے پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے بعد بے حد کفایتی گیندبازی کی اور 12 اوورز میں تین وکٹ لیتے ہوئے صرف 62 رنز دیے۔راشد پہلی بار فروری 2018 میں ٹی 20 گیند بازوں کی فہرست میں سب سے اوپر پہنچے تھے۔ ہسرنگا نے نومبر 2022 میں راشد کو ہٹا کرہی ٹاپ پوزیشن پر قبضہ کیاتھا۔ راشد کے علاوہ مجیب الرحمان (آٹھویں پوزیشن) اور فضل الحق فاروقی (تیسری پوزیشن) نے بھی ٹی ٹوئنٹی گیندبازوں کے ٹاپ 10 میں جگہ بنالی ہے۔ آف اسپنر مجیب نے سیریز میں مجموعی طور پر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاروقی نے پانچ وکٹ لیا۔ دریں اثناء آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زمپا ون ڈے رینکنگ میں کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ زمپا نے چنئی میں ہندوستان کے خلاف تیسرے ایک روزہ میں 45 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کی سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کیاتھا۔ہندوستانی اوپنر شبھمن گل ایک روزہ بلے بازوں کی فہرست میں اپنی پانچویں پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ انہوں نے کیریئر کی بہترین درجہ بندی 738 حاصل کرلی ہے۔ کپتان روہت شرما ایک مقام کی چھلانگ لگا کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔