جڈیجہ نے کھولے ہاتھ، آسٹریلیا 113 پر سمٹی
نئی دہلی، فروری ۔ رویندر جڈیجہ (سات وکٹ) اور روی چندرن اشون (تین وکٹ) کی ہندوستانی اسپن جوڑی نے بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اتوار کو آسٹریلیا کو محض 113 رن پر ڈھیر کردیا۔ ہندوستان کو یہ ٹیسٹ جیتنے اور سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کے لیے 115 رن درکار ہیں۔آسٹریلیا نے میچ کے دوسرے دن تیز بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 12 اووروں میں ایک وکٹ کے نقصان پر 61 رن کا اضافہ کیا لیکن تیسرے دن اس کی ایک نہ چلی۔ کنگاروؤں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کے کھیل میں صرف 52 رنوں کا اضافہ کرکے نو وکٹ گنوا ئے۔ اشون نے دن کے پہلے ہی اوور میں جارح نظر آرہے ٹریوس ہیڈ کو وکٹ کیپر شریکر بھرت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ ہیڈ نے 46 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رن بنائے، حالانکہ ان کے بعد کوئی بھی آسٹریلیائی بلے باز 40 رن تک نہیں پہنچ سکا۔کچھ دیر بعد جڈیجہ نے مارنس لابوشین (35) کو بولڈ کیا، جب کہ اسٹیو اسمتھ اور میٹ رینشا کو ایشون نے ایل بی ڈبلیو کیا۔اس کے علاوہ جڈیجہ نے پیٹر ہینڈس کامب، پیٹ کمنز اور میتھیو کوہنیمین کو صفر پر آؤٹ کیا جبکہ ایلکس کیری سات رن کا تعاون دے سکے۔یہ ٹیسٹ کرکٹ میں جڈیجہ کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔ اس سے قبل ان کی بہترین کارکردگی 2016 میں انگلینڈ کے خلاف سامنے آئی تھی جب انہوں نے 48 رن کے عوض سات وکٹ حاصل کیے تھے۔