ہریتک روشن کا اپنی سالگرہ پر فلموں سے متعلق دلچسپ انکشاف
ممبئی،جنوری۔ 23 سال قبل مشہور فلم ’کہو نا پیار ہے‘ سے بالی ووڈ میں انٹری دے کر لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے اداکار ہریتک روشن کا کہنا ہے کہ ان کی اگلی فلم فائٹر میں لڑاکا طیاروں کا استعمال کیا گیا ہے۔آج کے دن اپنی 49ویں سالگرہ منانے والے ہریتک روشن نے سالگرہ کے موقع پر اگلی فلم فائٹر اور آنے والی دیگر فلموں کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو نے بتایا کہ 2024 میں ریلیز کیلئے پیش کی جانے والی ان کی فلم ’فائٹر‘ کی عکسبندی میں اصلی طیاروں کا استعمال کیا گیا ہے اور ان طیاروں پر اسٹنٹس بھی کئے گئے ہیں۔اداکار نے بتایا کہ آسام میں فلم فائٹر کی شوٹنگ کا تجربہ ناقابل یقین رہا ہے اس فلم کی تیاری کیلئے بھارتی ائیر فورس سے تعاون کیا گیا ہے اور ائیر فورس کے نوجوانوں کو دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔مشہور فلم ’کوئی مل گیا‘ کے سیکوئل کرش کی 3 فلموں کے بعد ہرتیک نے کرش 4 کو جلد متعارف کروانے کا بھی عندیہ دیا ہے جبکہ اداکار نے بتایا کہ ان کی ایکشن تھرلر فلم ’وار‘ کے سیکوئل پر بھی کام جاری ہے۔کرش 4 کی کہانی کیا ہوگی اس سوال کے جواب میں ہریتک نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کرش 4 میں ’جادو‘ مر جائے اور ’کرش‘ ہار جائے مگر یہ فیصلہ میں پروڈیوسرز پر چھوڑتا ہوں کہ وہ فلم کا اعلان کریں اور مجھے لگتا ہے اعلان جلد ہو جائے گا۔یاد رہے کہ ہریتک روشن 2024 میں اپنی فلم ’فائٹر‘ سے ایک مرتبہ پھر بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے فلم میں ان کے ساتھ دیپیکا پڈوکون مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔