’آؤٹ ہونے سے قبل اس نے مجھے مار ہی ڈالا تھا‘، معین علی کس بیٹر سے پریشان ہوئے؟

ایڈیلیڈ،نومبر۔انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے بھارتی بیٹر سریا کمار یادیو کو دنیا کا سب سے بہترین بلے باز قرار دے دیا۔غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معین علی نے سوریا کمار یادیو کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سوریا کمار بہترین کھلاڑی ہے،مجھے لگتا ہے وہ دنیا میں سب سے بہترین ہے جو T20 فارمیٹ کو ایک الگ سطح پر لے جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک سوریا پہلے کھلاڑی ہیں جو جب اچھا کھیل رہے ہوں تو آپ بولنگ نہیں کرسکتے، یہ بہت مشکل ہے۔دوران گفتگو معین علی نے رواں برس بھارت کے خلاف تیسری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران سوریا کی خطرناک اننگز پر بھی بات کی، اس میچ میں سوریا کے 55 گیندوں پر 117 رنز بنانے کے بعد معین علی ان کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوگئے تھے۔اس لمحے کو یاد کرتے ہوئے معین علی کا کہنا تھا کہ آؤٹ ہونے سے قبل سوریا نے مجھے مارہی ڈالاتھا، بھارتی ٹیم کو اس وقت بھی بہت سے رنز کی ضرورت تھی اور سوریا کی بدولت وہ بنانے میں کامیاب بھی ہوجاتی لیکن شکر ہے کہ سوریا کمار یادیو تھک گئے اور میں نے اس کی وکٹ لے لی لیکن اس نے بہترین کھیل پیش کیا، اس نے کچھ ایسے بہترین شاٹس کھیلے جو میں نے دیکھے ہی نہیں تھے۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہفتہ وار ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ میں بھی بھارت کے سوریا کمار یادیو سر فہرست ہیں۔

Related Articles