آسٹریلیا کے ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان
پیٹ کمنز کی واپسی، مشیل سویپسن کی جگہ ٹم ڈیوڈ
سڈنی، ستمبر۔آسٹریلیا نے ان کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں لیگ اسپنر مشیل سویپسن کی جگہ سنگاپور میں پیدا ہونے والے اور پرتھ میں پرورش پانے والے ٹم ڈیوڈ کو شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا ٹی20 ورلڈ کپ کا پچھلا چیمپئن ہے۔نیوزی لینڈ اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز نہ کھیلنے کے بعد پیٹ کمنز کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ ایڈم زمپا کو بھی بیٹے یوجین کی پیدائش کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔آسٹریلیا نے مڈل آرڈر بلے باز ٹم ڈیوڈ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ ڈیوڈ ورلڈ کپ سے قبل ستمبر میں ہندوستان کے تین میچوں کے ٹی20 دورے کے لیے بھی ٹیم میں شامل ہوں گے، اور اس سے انہیں پہلی بار آسٹریلیا کے لیے کھیلنے کا موقع ملے گا۔سنگاپور میں پیدا ہونے والے ڈیوڈ نے بی بی ایل سمیت دنیا بھر میں کئی ٹی 20 لیگز میں اپنا نام روشن کیا ہے اور وہ قومی یا ریاستی معاہدے کے فریم ورک سے باہر آسٹریلیائی ٹیم میں منتخب ہونے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ اس کا فی الحال ہوبارٹ ہریکینز ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا میں واحد معاہدہ ہے اور اس سے قبل وہ سنگاپور کے لیے 14 ٹی20 انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔