ویٹ لفٹر بندیارانی نے چاندی کے ساتھ ہندوستان کوچوتھا تمغہ دلایا
برمنگھم، جولائی۔ ہندوستان کی بندیارانی دیوی نے 55 کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا، جس سے دولت مشترکہ کھیل 2022 میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد چار ہو گئی۔ 23 سالہ بندیارانی نے 202 کلو وزن اٹھا کر اپنے زمرے میں دوسرا مقام حاصل کیا، ان کے فوراً بعد میرابائی نے 49 کلوگرام میں پہلا مقام حاصل کرکے طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے سب سے پہلے اسنیچ میں 86 کلوگرام میں انفرادی بہترین کارکردگی کے ساتھ قومی ریکارڈ کی برابری کی ، اور پھر کلین اینڈ جرک میں 116 کلوگرام اٹھا کر نیا قومی اور کامن ویلتھ ریکارڈ قائم کیا۔ بندیارانی صرف ایک کلو کے فرق سے طلائی تمغہ حاصل کرنے سے محروم رہ گئیں جو نائیجیریا کے ادیجات ادنیکے اولارینوئے کے حصے میں آیا۔ میزبان انگلینڈ کے فریئر مورو نے 198 کلوگرام (89 کلوگرام + 109 کلوگرام) کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔بندیارانی نے جیت کے بعد کہا، ’’یہ میرا پہلا کامن ویلتھ گیمز ہے اور میں چاندی کے تمغے اور گیمز کے ریکارڈ کو لے کر بہت خوش ہوں۔ چانو کی طرح، بندیارانی بھی منی پور کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے 2019 کامن ویلتھ چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا جبکہ 2021 کے ایڈیشن میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس سے قبل میرابائی چانو (گولڈ)، سنکیت سرگر (سلور) اور گروراجا پجاری (کانسی) ہندوستان کے لیے تمغے جیت چکے ہیں۔ ہندوستان کے چار تمغے ویٹ لفٹنگ میں آئے ہیں۔