ایتھلیٹ ہری چند کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال
ہوشیار پور، جون ۔ایشیائی کھیلوں میں دو مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے والے اور ہندوستان کے سابق ایتھلیٹ ہری چند کا پیر کی صبح دل کا دورہ پڑنے سے ایک پرائیویٹ اسپتال میں 69 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔کنبے کے ذرائع کے مطابق ان کی آخری رسوم کل گاوں گھورے واہا میں ادا کی جائے گی۔ یکم اپریل 1953 کو پیدا ہونے والے لمبی دوڑ کے ایتھلیٹ ہری چند سی آر پی ایف سے کمانڈنٹ کے طور پر ریٹائر ہوئے تھے۔ دو بار کے اولمپیئن چند نے 1978 کے بنکاک ایشین گیمز میں 5000 میٹر اور 10,000 میٹر میں دو طلائی تمغے جیتے تھے۔ انہوں نے دو بار اولمپک گیمز میں حصہ لیا۔1976 کے مونٹریال اولمپکس میں 10000 میٹر کی دوڑ میں 28 منٹ 48.2 سیکنڈ کا قومی ریکارڈ 32 سال تک قائم رہا۔ آل انڈیا پولیس گیمز میں بھی انہوں نے 1500، 5000 اور 10000 میٹر کی دوڑ میں گولڈ میڈل جیت کر نئے قومی ریکارڈ بنائے۔ انہیں 1975 میں ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ہری چند1976 کے مونٹریال سمر اولمپکس کے لیے مشہور ہیں جہاں انہوں نے ننگے پاؤں دوڑتے ہوئے دس میٹر کی دوڑ 28:48.72 منٹ میں پوری کرکے قومی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس دوڑ میں ہری چند بھلے ہی آٹھویں نمبر پر رہے، لیکن ان کا یہ ریکارڈ 32 سال تک قائم رہا تھا۔مقامی ایم ایل اے جسبیر گل نے سوگوار کنبے سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عظیم اولمپیئن ہری چند کونسل در نسل یاد رکھا جائے گا اور آنے والی نسلیں ان سے تحریک لیتی رہیں گی۔