ہمارا ہمسایہ ملک نہیں چاہتا ہے کہ کشمیر میں لوگ امن کی سانس لیں: رویندر رینا
سری نگر،مئی۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا کا کہنا ہے کہ کچھ طاقتیں چاہتی ہیں کہ کشمیر میں خون ہی بہتا رہے۔ انہوں نے کہ پولیس اہلکار ریاض ٹھوکر نے ملک کے لئے قربانی دی ہے اور ان کے بچوں کا خیال رکھنا ہمارا کام ہے۔ موصوف صدر نے ان باتوں کا ظہار پیر کے روز پلوامہ کے گڈورہ علاقے میں مہلوک پولیس اہلکار ریاض احمد ٹھوکر کے گھر جاکر لواحیقن کے ساتھ تعزیت کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرنے کے دوران کیا۔ بتادیں کہ ریاض احمد ٹھوکر 13 مئی کو اپنی گھر کے باہر مشتبہ جنگجوؤں کے حملے میں زخمی ہوا تھا ور بعد میں ایک فوجی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا تھا۔ رویندر رینا نے اس ہلاکت کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا: ’ہمارا ہمسایہ ملک جو ہے وہ نہیں چاہتا ہے کہ کشمیر کے لوگ سکھ کی سانس لیں اور یہاں کے بچے خوشحالی کی زندگی بسر کریں‘۔ ان کا کہنا تھا: ’کچھ طاقتیں چاہتی ہیں کہ کشمیر میں خون بہتا رہے اور یہ (ہلاکتیں) ان لوگوں کی ہی سازشیں ہیں اور یہ لوگ امن اور انسانیت کے دشمن ہیں‘۔ موصوف صدر نے کہا کہ ریاض احمد نے ملک کے لئے قربانی دی ہے اور سرکار اور محکمہ اس کے خاندان کی دیکھ ریکھ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاض احمد کے بچے ہمارے بچے ہیں اور ان کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔