معین علی آئی پی ایل میں پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گے

ممبئی، مارچ ۔دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 کے آغاز سے قبل ایک بڑا دھچکہ لگ سکتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی کو ہندستان آنے کے لیے مطلوبہ ویزا نہیں ملا جس کی وجہ سے وہ اس وقت برطانیہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔سمجھا جاتا ہے کہ معین کو ہفتہ کو رنر اپ کولکتہ نائٹ رائڈرس کے خلاف کھیلنے کے لیے پیر تک ہندوستان پہنچنا ہوگا۔ آئی پی ایل کے بائیو ببل میں داخل ہونے کے لیے تین دن کا قرنطینہ لازمی ہے اور ایسی صورت حال میں چنئی کی ٹیم مینجمنٹ نے معین کے دستیاب نہ ہونے کے امکان کو قبول کیا ہے۔اگر معین پہلا میچ کھیلنے میں ناکام رہتے ہیں، تو چنئی کے پاس ریتوراج گائیکواڑ اور رابن اتھپا کے ساتھ ڈیون کونوے کو ٹاپ آرڈر میں شامل کرنے کا متبادل حاصل ہے۔معین کو آئی پی ایل کی بڑی نیلامی سے قبل چنئی نے برقرار رکھا تھا۔ معین نے گزشتہ سیزن میں 357 رن بنا کر چنئی کے ٹائٹل کے سفر میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنی آف بریک بولنگ سے ٹیم کے لیے اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔ معین نے پھر دی ہنڈریڈ میں اپنی اچھی کارکردگی کو جاری رکھا۔ انہوں نے ٹی۔20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے لیے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور حال ہی میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں اپنی ٹیم کومیلا کو چیمپئن بنایا۔کم از کم پہلے میچ میں، چنئی کو معین کی غیر موجودگی میں ایک نئی حکمت عملی کے ساتھ اترنا پڑے گا کیونکہ کپتان ایم ایس دھونی کے پاس اب کولکتہ کے بائیں ہاتھ کے کھلاڑیوں کے خلاف معین کے آف اسپن کا متبادل دستیاب نہیں ہوگا۔

Related Articles