مہاراشٹر حکومت نے آئی پی ایل میں 25 فیصد شائقین کو آنے کی اجازت دی

ممبئی، مارچ۔ مہاراشٹر حکومت نے آئی پی ایل 2022 میں 25 فیصد ناظرین کی اجازت دی ہے، بشرطیکہ وہ مکمل طورپر ویکسینٹڈ ہوں۔ 26 مارچ سے ممبئی اور پونے میں آئی پی ایل کے میچ کھیلے جائیں گے۔ ریاستی حکومت نے بدھ کو ایک سرکاری بیان میں کہا کہ کوویڈ 19 کیسز کم ہونے کے باوجود 25 فیصد شائقین کو ہی اجازت دی جائے گی اور اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے شائقین کا مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہوناضروری ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے آئی پی ایل کے بہترانعقادکے لئے بی سی سی آئی اور ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے) کے ساتھ میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ میٹنگ میں ریاستی حکومت کے وزیرآدتیہ ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے کے ساتھ ایم سی اے کے سربراہ وجے پاٹل اور اپیکس کونسل کے ممبران اجنکیا نائک، ابھے ہڈپ، خزانچی جگدیش اچریکر موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد، آدتیہ ٹھاکرے نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا، آئی پی ایل کو آسانی سے چلانے کے لیے، وزیر ایکناتھ شندے اور میں نے ممبئی پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے حکام کے ساتھ آئی پی ایل اور بی سی سی آئی کی ایک مشترکہ میٹنگ نوی ممبئی تھانے میں کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ جلد ہی آئی پی ایل کے دوسرے مقام پونے کے لیے بھی اسی طرح کی میٹنگ کریں گے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ نے کہا، پونے کے لئے ڈی سی ایم کی صدارت میں ایک میٹنگ تجویز کی گئی ہے تاکہ ٹورنامنٹ کو تمام شہروں میں کامیابی سے منعقد کیا جا سکے۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ باندرہ کرلا کمپلیکس میں ایم سی اے گراؤنڈ، تھانے میں ایم سی اے گراؤنڈ، ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل یونیورسٹی گراؤنڈ اور سی سی آئی (کرکٹ کلب آف انڈیا) اور گھنسولی میں ریلائنس کارپوریٹ پارک گراؤنڈ کے ساتھ ایک فٹ بال پچ کی پریکٹس سائٹ کے لیے اتھارٹی کے ذریعہ پہچان کی گئی ہے۔ کھلاڑی 8 مارچ سے یہاں آنا شروع ہو جائیں گے، تمام شرکاء کو ممبئی میں آنے سے پہلے 48 گھنٹے قبل آرٹی پی سی آر ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔ ببل میں جانے سے پہلے کھلاڑیوں کو تین سے پانچ دن تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔ آئیسولیشن میں حصہ لینے والوں کو تین بار آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔ پہلا آرٹی پی سی آر ٹیسٹ پہلے دن، دوسرا ٹیسٹ تیسرے دن اور آخری ٹیسٹ پانچویں دن ہوگا۔ اگر تین دن کا کوارنٹائن ہوتا ہے تو شرکاء کا روزانہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اگر تینوں ہی ٹیسٹ منفی آتے ہیں، تو انہیں قرنطینہ سے نکل کرٹیم کی سرگرمیوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔ یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ تمام شرکاء، ٹورنامنٹ سے وابستہ تمام افراد کا ہر تین سے پانچ دن میں آرٹی پی سی آر ٹیسٹ ہو گا۔ وہیں ممبئی میں دس ہوٹلوں کا انتخاب کیا گیا ہے، جبکہ دوہوٹل پونے میں دیکھے گئے ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کھلاڑیوں کو میدان پر پریکٹس یا میچ میں جانے کے لئے خاص گرین کوریڈور بنایاگیا ہے، جس سے انہیں نوی ممبئی یا تھانے سے ساوتھ ممبئی جانے کے لئے ایسٹرن فری وے کا استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

 

Related Articles