یوگی سے ملنے پریاگ راج سے پیدل پہنچی ننھی ایتھلیٹ
لکھنؤ، اپریل۔پریاگ راج سے ایک شکایت کے ساتھ پیدل چلتے ہوئے اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملنے پہنچی دس سالہ ایتھلیٹ کاجل کے جوش اورجذبے کا پورا احترام کرتے ہوئےوزیراعلیٰ نے نہ صرف اس کی شکایت کا ازالہ کیا بلکہ دوڑنے کے لئے جوتے بھی تحفے میں دیے۔کاجل نے پریاگ راج میں کھیلوں کے ایک مقامی ایونٹ میں حصہ لیا تھا اور ریس مکمل کی تھی لیکن پروگرام میں مناسب عزت نہ ملنے کی وجہ سے کاجل بہت مایوس ہوگئی تھی۔ اس معاملے کو لے کر کاجل نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی، جس کے لیے کاجل 10 اپریل کو پریاگ راج سے پیدل ہی لکھنؤ کے لیے نکل پڑی۔ پریاگ راج سے لکھنؤ تک کا تقریباً 200 کلومیٹر طویل سفر کاجل نے 15 اپریل کو مکمل کیا اور وزیر اعلیٰ سے ملنے براہ راست 5 کالیداس مارگ پہنچی۔جیسے ہی وزیر اعلیٰ کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر کاجل کو ان سے ملنے کے لئے کہا۔ کاجل کی اس لگن کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اسے اپنے ہاتھوں سے اعزازسے نوازا اورساتھ ہی اسے آگے بھی اسی طرح ریس میں ایک نیامقام حاصل کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جوتے، ٹریک سوٹ اورکھیل کی کٹ بھی تحفے میں دی۔وزیراعلیٰ سے اعزازملنے کے بعد کاجل کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔ اس کے ساتھ ہی بابو بنارسی داس اسپورٹس اکیڈمی نے کاجل کے ٹیلنٹ کا احترام کرتے ہوئے اس کی آگے کی تیاری کے لیے زندگی بھر اسپورٹس کٹ اور جوتے فراہم کرنے کی پوری ذمہ داری لی ہے۔