یوسین بولٹ نے اپنے جشن کے مخصوص انداز کیلئے ٹریڈ مارک درخواست جمع کرادی
نیویارک ،اگست۔8 بار کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ نے جیت کے بعد جشن منانے کے مشہور انداز کو اپنا بنانے کے لیے ٹریڈ مارک کی درخواست جمع کرائی ہے۔اس درخواست کے ساتھ ایک لوگو کو امریکا میں گزشتہ ہفتے داخل کرایا گیا جس میں یوسین بولٹ اپنے مخصوص انداز سے کھڑے ہیں۔درخواست میں لکھا ہے کہ یہ ایک شخص کا مخصوص انداز ہے جس کا ایک بازو پیچھے مڑا ہوا ہے جبکہ دوسرا اوپر کی جانب اشارہ کررہا ہے۔اس درخواست سے عندیہ ملتا ہے کہ یوسین بولٹ اس لوگو کو مختلف مصنوعات جیسے ملبوسات، سن گلاسز، بیگز اور دیگر میں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ 2017 میں ریٹائر ہوئے اور 2008 سے 2016 کے دوران 3 اولمپک گیمز میں 8 گولڈ میڈل جیتے۔اسی طرح وہ 11 بار ورلڈ چیمپئن شپس میں گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔دنیا میں 100 میٹر (9.58 سیکنڈ) اور 200 میٹر (19.19 سیکنڈ) میں کم ترین وقت میں فاصلہ طے کرنے کے عالمی ریکارڈز یوسین بولٹ کے پاس ہیں اور اسی لیے انہیں دنیا کا تیز ترین انسان بھی کہا جاتا ہے۔