ہندوستان کے خلاف مقابلے میں پاکستان جیت کا دعویدار : میتھیوہیڈن
دبئی ، اکتوبر ۔ آسٹریلیا کے سابق سلامی بلے باز اور پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم 24 اکتوبر کو ہندوستان کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں جیت کی دعویدار ہوگی۔ اس ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے بلے بازی صلاح کار بنے ہیڈن نے کہا کہ ’’ حقیقت میں میں نے اپنے خواب میں بھی کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ میں پاکستانی ڈریسنگ روم کا حصہ بنوں گا۔ ہیڈن نے یہ بھی کہا ، اگرچہ ورلڈ کپ کا ریکارڈ ہندوستان کے حق میں ہے ، لیکن حتمی فیصلہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ میچ کے دن کون سی ٹیم چیلنج کو سنبھالتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہمارے کھلاڑی میچ کے دباؤ کے باوجود اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ہیڈن نے مزید کہا ،جب آپ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہیں تو ظاہر ہے کہ آپ دباؤ میں رہتے ہیں لیکن یہ دباؤ تب تک رہتا ہے جب آپ اسے ہونے کی اجازت دیتے ہیں۔ آپ کی تیاری، آپ کا تجربہ اور آپ کا موقع تاریخ بنانے کا موقع بن چکا ہے۔ میراخیال ہے کہ ہمارے کھلاڑی اس موقع کا انتظار کررہے ہیں اور انہیں صرف میچ کھیلنے کا انتظار ہے۔ ہیڈن کا خیال ہے کہ سب سے زیادہ دباؤ کپتان بابر اعظم پر ہوگا۔ بطور بلے باز اور کپتان دونوں کے طور پر ان پر دباؤ رہے گا لیکن میرا خیال ہے کہ بابر اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ دونوں کے مابین ایک سخت مقابلہ ہوگا۔ اچھی کپتانی اہم ہوگی۔ بابر میں یہ کردار ادا کرنے کی صلاحیت ہے۔ بطور بلے باز ، وہ ایک اہم کھلاڑی ہیں جس کی وکٹ ہر ٹیم کے لئے خاص ہوتی ہے۔ جنوبی افریقہ سے وارم اپ میچ ہارنے کے باوجود ، ہیڈن کو یقین ہے کہ پاکستان کے پاس ہندوستان کی گیندبازی سے نمٹنے کے لیے مضبوط بیٹنگ لائن اپ ہے۔ پاکستان کا ٹاپ آرڈر ، جس میں بابر اعظم ، محمد رضوان اور فخر زمان شامل ہیں ، پاکستان کو مضبوط اسکور دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔