ہندستان کو بڑا جھٹکا، نیرج چوپڑا کامن ویلتھ گیمز سے ہٹے

نئی دہلی، جولائی۔اولمپک گولڈ جیتنے والے اور عالمی چمپئن شپ سلور جیتنے والے جیولن تھرو کھلاڑی نیرج چوپڑا نے چوٹ کے خدشات کی وجہ سے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز سے ہٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ان گیمز میں ہندوستان کی تمغہ کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ نیرج کو امریکہ کے یوجین میں عالمی چیمپئن شپ کے دوران ہلکی چوٹ لگی تھی اور پیر کو ایم آر آئی اسکین کے بعد دولت مشترکہ کھیلوں سے ہٹ جانے کا فیصلہ کیا ۔ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا کے صدر عادل سماری والا نے کہا کہ نیرج نے فیڈریشن سے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کو بتانے کی درخواست کی ہے کہ وہ برمنگھم گیمز میں ہندوستانی دستے کے پرچم بردار نہیں بن سکیں گے۔سماری والا نے کہا، ’’نیرج نے کہا ہے کہ وہ کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لینے کے لیے 100 فیصد فٹ نہیں ہیں۔ اس لیے وہ افتتاحی تقریب میں ہندوستانی دستے کے پرچم بردار نہیں بن سکیں گے۔ اتوار کو ورلڈ چمپئن شپ کے فائنل کے دوران نیرج کو تھوڑا مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہم ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ انہیں جلد صحت یاب ہونے میں مدد کرسکیں۔ اتوار کو نیرج عالمی چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی مرد کھلاڑی بنے تھے۔ انہوں نے 88.13 میٹر کی دوری کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 90.54 میٹر کا فاصلہ طے کر کے طلائی تمغہ جیتا۔

Related Articles