گیل کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، بابر کے ٹی 20 میں تیز ترین 9 ہزار رنز مکمل

لاہور،مارچ.بابر اعظم پاکستان سپر لیگ پلے آف میں نئے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاداب خان کی گیند پر64رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ آؤٹ ہوئے وقت وہ غصے میں تھے ان کی رویے سے لگ رہا تھا کہ وہ لمبی اننگز کھیلنا چاہتے تھے۔ لاہور میں بارش نہ ہوئی ، ٹاس دس منٹ کی تاخیر سے ہوا لیکن میچ وقت پر شروع ہوا اور جب کھیل شروع ہوا تو بابر اعظم آتے ہی چھا گئے۔ سلیکشن کمیٹی نے پاکستانی کپتان کو آرام دیا جس کے بعد وہ پہلا میچ کھیل رہے تھے۔ دو میچ بخار کی وجہ سے نہیں کھیلے۔ انہوں نے 24گیندوں میں نصف سنچری بنائی۔اسی اننگز میں بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔بابر اعظم ٹی20 کرکٹ میں تیز ترین 9 ہزار رنز بنانے والے کرکٹر بن گئے۔ انہوں نے کیریئر کی 245 اننگز میں نو ہزار رنز مکمل کئے اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 249 اننگز میں نو ہزار رنز مکمل کئے تھے۔ بھارت کے ویرات کوہلی نے 271، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 273 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ پشاور زلمی کے کپتان نے اسلام آباد کے خلاف 35 واں رنز لے کر 9 ہزار رنز مکمل کئے۔ بابر اعظم نے آٹھ ہزار سے نو ہزار رنز کا سفر صرف 27 اننگز میں مکمل کیا۔ ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم تیز ترین سات ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ تیز تین آٹھ ہزار رنز اور تیز ترین چھ ہزار رنز کی فہرست میں بابر کا دوسرا نمبر تھا۔بابر نے ایک ہزار رنز 36، دو ہزار 70، تین ہزار 92، چار ہزار 115 جبکہ پانچ ہزار رنز 145 اننگز میں مکمل کئے تھے۔ پاکستانی بیٹر نے چھ ہزار رنز کا سنگ میل 165، سات ہزار 187 اور آٹھ ہزار 218 اننگز میں مکمل کیا۔

Related Articles