کے ایل راہل کورونا پازیٹیو پائے گئے، کلدیپ صحت یاب
ممبئی، جولائی ۔ کے ایل راہل جمعرات کو کووڈ پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ وہ فٹنس ٹیسٹ دینے کے لیے پہلے ہی تیار ہو رہے تھے لیکن اس دوران انہیں ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ممبئی میں بورڈ کی ایپکس کونسل کی میٹنگ کے بعدبی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔راہل گزشتہ ماہ جرمنی میں اسپورٹس ہرنیا کی سرجری کے بعد بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں پریکٹس کر رہے تھے۔ انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل ہونے سے پہلے اپنی فٹنس ثابت کرنی تھی۔ این سی اے میں راہل باقاعدگی سے پریکٹس کر رہے تھے اور اپنی فٹنس پر کام کر رہے تھے۔ اب راہل کو پہلے کووڈ کے منفی ہونے کا انتظار کرنا پڑے گا۔ اس کے بعد انہیں فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز 29 جولائی سے شروع ہوگی۔ ایسے میں راہل کے پاس ان دونوں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے بہت کم وقت بچا ہے۔راہل اب صرف اگست میں زمبابوے کے خلاف سیریز میں ہی واپسی کر سکیں گے۔ ہندوستان 18، 20 اور 22 اگست کو ہرارے میں تین ون ڈے میچز کھیلے گا اور یہ سیریز ون ڈے سپر لیگ کا حصہ ہوگی۔دریں اثنا، کلدیپ یادو کو ہاتھ کی چوٹ سے ٹھیک ہونے کے بعد این سی اے سے گرین سگنل مل گیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی جلد از جلد ان کی شرکت کے بارے میں حتمی فیصلہ کر سکتی ہے۔ کلدیپ اپنی دائیں کلائی پر ہیئر لائن فریکچر سے ٹھیک ہو رہے تھے، جس کی وجہ سے وہ جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو سرزمین پر کھیلی جانے والی ٹی20 سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔ چوٹ نے انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے بھی باہر کر دیاتھا۔ کلدیپ نے آخری بار آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلس کے لیے کھیلا تھا اور 14 میچوں میں 21 وکٹ لیے تھے۔